وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘اس سال کے بین الاقوامی یوگا دن کی تھیم ‘اپنے آپ اور سماج کے لئے یوگا’ ہے۔ دنیا میں یوگا کو عالمی بھلائی کے ایک طاقتور ایجنٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور یوگا ہمیں ماضی کے بوجھ کے بغیر حال میں جینا سکھاتی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘یوگا ہمیں یہ سمجھنے میں مدد کرتا ہے کہ ہماری فلاح و بہبود کا تعلق ہمارے گرد وپیش دنیا کی فلاح کے ساتھ ہے جب ہماری اندرونی دنیا پر امن ہوگی تب دنیا پر ہمارے مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘دنیا کے لیڈر میرے ساتھ یوگا کے متعلق بات کرتے ہیں’۔
نریندر مودی نے کہا: ‘یوگا کی افادیت کو لوگ بھی تسلیم کر رہے ہیں اور شاید ہی کوئی ایسا عالمی لیڈر ہوگا جس نے میرے ساتھ بات چیت کے دوران یوگا پر بات نہ کی ہو’۔
انہوں نے کہا: ‘دنیا کے تمام لیڈر میرے ساتھ بات چیت کے دوران یوگا کے متعلق دلچسپی ظاہر کرتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ یوگا دنیا کے اطراف و اکناف میں روز مرہ کے معمول کا ایک حصہ بن رہا ہے۔
دنیا میں یوگا کی مقبولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ویزر اعظم نے ترکمنستان میں سال 2015 میں یوگا سینٹر کا افتتاح کرنے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج اس ملک میں یوگا کافی مقبول ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ترکمنسان کی سٹیٹ میڈیکل یونیورسٹیوں نے یوگا تھرپی اپنے نصاب میں شامل کی ہے جبکہ سعودی عرب نے بھی یوگا کو اپنے تعلیمی نظام کا حصہ بنایا ہے اور منگولین یوگا فائونڈیشن کئی یوگا سکول چلا رہی ہے’۔
یورپ کے سکولوں میں یوگا کی مقبولیت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جرمنی میں اب تک یوگا اپنانے والے شہریوں کی تعداد1.5 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا: ‘ہم نے فرانس سے تعلق رکھنے والی 101 سالہ یوگا ٹیچر جنہوں نے ایک بار بھی ہندوستان کا سفر نہیں کیا تھا، کو ان کی یوگا کے تئیں خدمات کے اعزاز میں پدم شری کے ایوارڈ سے نوازا۔
انہوں نے کہا کہ یوگا میں توسیع سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور دنیا بھر کے سیاح مستند یوگا سیکھنے کے لئے ہندوستان آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘دنیا بھر کے سیاح یہاں مستند یوگا سیکھنے کے لئے آتے ہیں جس کے نتیجے میں یہاں سیاحت سمیت کئی شعبے فروغ پا رہے ہیں جس سے نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں’۔
یوگا کے سائنٹیفک پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوگا انسان کے دماغ کو پر سکون کرکے ارتکاز کی طاقت بڑھا دیتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا: ‘یہی وجہ ہے کہ یوگا کو فوج سے لے کر کھیلوں تک کے شعبوں میں شامل کیا جا رہا ہے خلا بازوں کو بھی یوگا کی تربیت دی جاتی ہے یہاں تک کہ قیدیوں میں مثبت خیالات پیدا کرنے کے لئے بھی یوگا کا استعمال کیا جا رہا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ یوگا معاشرے میں مثبت تبدیلی کے نئے راستے متعین کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں یوگا کی طرف دلچپسی سے یہاں کے سیاحتی شعبوں کو نئی تحریک مل گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کی سہہ پہر کو سری نگر پہنچے تھے۔