کشمیر میں عرسِ شاہ ہمدا ن (رح) عقیدت و احترام سے منایاگیا

کشمیر میں عرسِ شاہ ہمدا ن (رح) عقیدت و احترام سے منایاگیا

خانقاہ معلی میں روح پرور مجالس کا اہتمام ،عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے دی حاضری، تبروکات کی نشاندہی

صدف شبیر/ فہیم متو

سرینگر: وادی بھر میں جمعرات کو حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی (رح )کا سالانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جس کے دوران مساجد ،درگاہوں اور خانقاہوں میں شب خوانی اور درود و اذکارکی روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔حضرت شاہ ہمدان(رح) کے سالانہ عرس کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب شہر خاص میں واقع تاریخی خانقاہ معلی میں منعقد ہوئی، جہاںعقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے بدھ کو نمازعشاءمیں شرکت کرنے کے بعد شب خوانی میں حصہ لیا۔خانقاہ معلی میںنماز مغرب سے ہی لوگ درور و اذکار میں محو تھے جورات بھر اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگتے رہے۔

Photo: Fahim Mattoo

علماءنے حضرت شاہ ہمدان(رح) کی زندگی، تعلیمات اور دین اسلام کے تئیں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔خانقاہ میں نماز فجر اور نماز ظہر میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔علما نے امیر کبیر(رح) کی زندگی اور ان کے کارناموں پر مفصل روشنی ڈالی جبکہ نماز کے بعد وہاں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی۔شہر کی دیگر چھوٹی بڑی مساجد ،خانقاہوں اور درگاہوں میں بھی عرس حضرت شاہ ہمدان(رح) کے موقعہ پر خصوصی تقریبات اور شب خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

Photo: Fahim Mattoo

ترال بالا علاقہ میںقائم خانقاہ فیض پناہ میں امیر کبیر میر علی سید ہمدانی(رح) کے سالانہ عرس کے موقعہ پر شب خوانی کی تقریب میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا اور نماز فجر و ظہر کے بعد امیر کبیر(رح)کے تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔ حضرت شاہ ہمدان(رح) کے سالانہ عرس کی تقریبات ڈورو شاہ آباد، سوپور، سیر ہمدان مٹن، پلوامہ، وچی شوپیان، کھاگ بڈگام اور پانپورمیں بھی منائی گئیں۔

Photo: Fahim Mattoo

ادھرمحسن کشمیر ،سید السادات حضرت امیر کبیر میرسید علی ہمدانی(رح)کے عرس پاک کے موقعہ پر شاہ ہمدان(رح) کی گرانقدر دینی ، دعوتی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں حضرت شاہ ہمدان(رح)کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ومحبت پیش کیا۔میرواعظ نے حضرت شاہ ہمدان(رح) کو حقیقت ، معرفت ، صداقت اور ولایت کا تاجدار بتاتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا حقیقی معنوں میں عظیم محسن اور مشفق مربی قرار دیا۔اس دوران جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے عرس حضرت شاہ ہمدان (رح) کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقف کے تحت زیارت گاہوں پر عقیدت مندوں کے لئے تمام تر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں انتظامیہ کا بھی بہت بڑا ہاتھ رہتا ہے۔

Photo: Fahim Mattoo

موصوف چیئر پرسن نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’جموں وکشمیر میں وقف بورڈ کے تحت جتنی بھی زیارت گاہیں ہیں ان میں عقیدت مندوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا تی ہیں اور اس میں انتظامیہ کا بھی بڑا ہاتھ رہتا ہے‘۔ان کا کہنا تھا’انتظامیہ بجلی، پانی، ٹریفک کا انتظام کرتی ہے اور سیکورٹی کا بھی بھر پور بند وبست ہوتا ہے‘۔ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ آج حضرت شاہ ہمدان (رح) کا عرس پورے جموں وکشمیر میں منایا جاتا ہے کیونکہ جہاں بھی وہ تشریف لے گئے وہاں ان کی خانقاہیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے زیارت گاہوں میں نیا انفراسٹرکچر قائم کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں عید الضحیٰ کے سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں ہوتا ہے جس کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جار ہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.