صدف شبیر ،فہیم متو
سرینگر: سرینگر کے ثقافتی مرکز ٹیگور ہال سرینگر میں منگلوار کو ایک ادبی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں وادی کشمیر کے نامورادبی اشخاص ،شعرا ء،قلمکاروں اور صحافیوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر مصنفہ مزمل ہلال لہروال کی دو کتابوں ” حضرت عثمان غنی ؓ اور نقش ِ حیات کی رسم رونما ئی انجا م دی گئی ۔
اس تقریب کا اہتمام نگینی کلچرل فاﺅنڈیشن نے کیا ۔ تقریب کی صدارت معروف عالم دین مولانا خورشید احمد قانو نگو نے کی ۔ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل ، نگینی کلچرل فاﺅنڈیشن کے چیئرمین انجینئر شبنم بشیر اور بشیر شاکر نے کتابوں پر تبصرے پیش کئے جبکہ فاروق ابن گلدون اور عرفانہ جی نے نعتیہ کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا ۔جبکہ وادی کشمیر کے نامو ر شاعر ، ادیب اور برارڈ کاسٹر عبدالاحد فرہاد نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔
ادبی تقریب میں وادی کشمیر کے نامورادبی اشخاص ،شعرا ء،قلمکاروں اور صحافیوں نے شرکت کی جن میں نگینی کلچر فاونڈیشن کے چیرمین انجینئر شبنم بشیر ،شاعر حمید ناصر ،منظور ظہور ، خورشید قانون گو ،بشیر شاکر ،اشرف دلدار وغیرہ شامل ہیں ۔
ایشین میل کیساتھ بات کرتے ہوئے معروف براڈ کاسٹر عبد الا حد فرہاد نے کہا کہ وادی کشمیر کے معاشرے کو بے راہ روی نے دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ آج کے بگڑتے معاشرے میں ایسی کتابوں کی کافی ضرورت ہے ،تاکہ ہماری نوجوان نسل مروجہ تعلیم کیساتھ ساتھ اسلامی اداب سے بھی روشناس ہو سکے ۔مصنفہ مزمل ہلال لہروال کی اس سے قبل نعتیہ کلام پر مبنی کتابوں کے علاوہ سیرت طیبہ (ﷺ) کے علاوہ آداب ِ اسلامی پر کئی کتابیں قلمبند کر چکی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں ایسی کوششیں جاری رکھیں گی ۔