سری نگر:بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈر الطاف ٹھاکر نے بدھ کے روز کہاکہ وادی کشمیر میں حالات معمول پر آچکے ہیں اور اب موزون وقت ہے کہ افسپا کو ہٹایا جائے۔انہوں نے کہاکہ سال 2019دہشت گردی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں دہشت گردی کی فیکٹریاں چلائی جارہی تھی جنہیں موجودہ سرکار نے پوری طرح سے نیست و نابود کیا۔
الطاف ٹھاکر نے کہاکہ آج علیحدگی پسند لیڈروں کے بچو ں نے بھی بھارت کے ساتھ اپنی وابستگی جتائی ہے۔ان کے مطابق سال 2019دہشت گردی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف حالات معمول پر آچکے ہیں بلکہ لوگوں کی سوچ میں بھی نمایاں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے افسپا لایا ، پی ڈی پی نے پلیٹ سے نوجوانوں کو چھلنی کیا اور بھارتیہ جنتاپارٹی افسپا کو ہٹائے گی جس کا تذکرہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی کیا ہے۔الطاف ٹھاکر نے الزام لگایا کہ محبوبہ مفتی علیحدگی پسند سوچ رکھنے والے افراد کی پشت پناہی کر رہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں حالات اب معمول پر آچکے ہیں جو کہ سب کے سامنے عیاں ہے۔