منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.2 C
Srinagar

ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح مستقبل میں بھی سب سے تیز رہے گی: مرمو

نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستانی معیشت، جو اس وقت دنیا میں سب سے تیزرفتار ترقی کر رہی ہے، اس سال اور اس کے بعد بھی اپنی غیر معمولی کارکردگی کو جاری رکھے گی۔
محترمہ مرمو نے 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر آل انڈیا ریڈیو اور دوردرشن کے ذریعے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کے ‘دور رس منصوبہ بندی کے وژن’ سے ہندوستانی معیشت کو رفتار ملی ہے اور اس کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا "حالیہ برسوں میں ہماری جی ڈی پی کی شرح نمو بڑی معیشتوں میں سب سے زیادہ رہی ہے۔ ٹھوس تخمینوں کی بنیاد پر ہمیں یقین ہے کہ یہ غیر معمولی کارکردگی 2024 اور اس کے بعد بھی جاری رہے گی۔ آج کا ہندوستان اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ایک مضبوط اور صحت مند معیشت اس اعتماد کی وجہ اور نتیجہ دونوں ہے۔
محترمہ مرمو نے کہا "مجھے یہ خاص طور پر قابل ذکر معلوم ہوتا ہے کہ طویل مدتی منصوبہ بندی کے وژن کے ایک حصے کے طور پر جس نے معیشت کو رفتار دی ہے، ہر پہلو سے ترقی کو شامل کرنے کے لیے سوچی سمجھی عوامی فلاحی مہمات کو بھی فروغ دیا گیا ہے۔”
اس تناظر میں صدر جمہوریہ نے خاص طور پر کوویڈ 19 کے وبائی امراض کے دوران معاشرے کے کمزور طبقوں کو مفت غذائی اجناس کی فراہمی کے لیے نافذکردہ اسکیموں کے دائرہ کار میں توسیع کا ذکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا “بعد میں (وبائی بحران ختم ہونے کے بعد) بھی کمزور طبقات کے لئے اور آبادی کو بحران پر قابو پانے میں مدد دینے کے لیے یہ فلاحی اسکیمیں جاری رکھی گئیں۔ اس پہل کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے حکومت نے اگلے پانچ برسوں کے لیے 81 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو مفت اناج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید یہ تاریخ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا عوامی فلاحی پروگرام ہے۔
صدر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام شہریوں کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے بہت سی وقتی اسکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی معیشت نے مارچ 2023 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 6.1 فیصد کی ترقی درج کی تھی۔ جون 23 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح سال بہ سال 7.8 فیصد تھی اور ستمبر 23 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں شرح نمو 7.6 فیصد تھی۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (اپریل تا ستمبر23) کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو کا تخمینہ 7.7 فیصد لگایا گیا ہے۔ مختلف تخمینوں میں سال 2023-24 میں ترقی کی شرح تقریباً 7.3 بتائی گئی ہے۔
صنعتی ممالک کے فورم او ای سی ڈی نے 2024 کے لیے ہندوستان کی شرح نمو 6.1 فیصد اور چین کی شرح نمو 4.7 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img