ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر وجے کمار نے جمعہ کے روز میڈیا کو بتایا: ‘ تمام افسروں اور دوسرے رینکس کو دوران ڈیوٹی یا چھٹی کے دوران معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) پر سختی عمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ عید گاہ جیسے واقعات جس میں ایک پولیس انسپکٹر کی موت واقع ہوئی، پیش نہ آسکیں’۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو ضلع پولیس لائنز سری نگر میں ایمز میں جمعرات کو دم توڑنے والے پولیس انسپکٹر کی میت پر گلباری کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔عید گاہ واقعے کے بارے میں ان پٹس ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘ہمارے پاس ممکنہ حملے کے بارے میں ان پٹس تھے لیکن کبھی کبھی چوک بھی ہوتی ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘تمام افسروں اور دوسرے رینکس کو تازہ ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ڈیوٹی پر ہوں یا چھٹی پر ہوں، معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کو سختی سے اپنائیں’۔
ایک سوال کے جواب میں موصوف اے ڈی جی پی نے کہا کہ جو اس حملے میں ملوث ہوگا اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘امن و قانون کی بحالی عوام کی بنیادی ضرورت ہے جو اس کو بگاڑنے کی کوشش کرے گا خواہ وہ کوئی شر پسند عنصر ہو یا دہشت گرد ہو اس کے خلاف سخت کارروائی انجام دی جائے گی’۔سوشل میڈیا پر غلط مواد شیئر کرنے کے متعلق جاری کی جا رہی ہدایات کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘میڈیا کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں جانکاری پھیلائے’۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس انسپکٹر مسرور احمد وانی کی میت پر جمعہ کو یہاں ضلع پولیس لائنز پھول مالائیں چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کرکے اپنے ساتھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔