سری نگر: انفورسمنٹ ڈائریکٹورٹ(ای ڈی) نے 250کروڑ روپیوں کے بینک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں کوآ پریٹوبینک کے سابق چیرمین اور فرضی جہلم کوآپریٹوہاوسنگ سوسائٹی کے چیرمین کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق کوآپریٹو بینک چیرمین محمد شفیع ڈار اور جہلم کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے چیرمین ہلال میر کو گرفتار کیا۔
بتادیں کہ ای ڈی نے جمعرات کے روز 250کروڑ روپیہ منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں سابق چیرمین سمیت چھ مقامات پر چھاپے مارے۔واضح رہے کہ اینٹی کرپشن بیورو کی جانچ میں یہ منکشف ہوا کہ کوآپریٹو بینک نے قواعد و ضوابط کو بالائی طاق رکھ کر 223کروڑ روپیہ کا قرضہ جہلم کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے نام منظور کیا۔ اس دوران سوسائٹی کی بیلنس شیٹ ، منافع اور نقصان ، انکم ٹیکس ریٹرن کے بارے میں کوئی جانکاری حاصل نہیں کی گئی۔انکوائری میں انکشاف ہوا کہ جہلم کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی ، راجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کے پاس بھی رجسٹر نہیں تھی۔سابق چیرمین نے ہلال میر کے ساتھ مل کر سوسائٹی کے نام پر جعلی اور فرضی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تیار کی اوربعد ازاں سوسائٹی کے نام پر بھاری لون منظور کر لیا۔
یو این آئی