سری نگر: سری نگر پولیس اور سائبر پولیس کشمیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر غلط معلومات، اشتعال انگیز مواد اور سماج مخالف پروپگنڈہ پھیلانے پرچھ افراد کے خلاف نوٹس لیا ہے۔سری نگر پولیس نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر من گھڑت ، اشتعال انگیز اورسماج مخالف پروپگنڈہ پھیلانے کے الزام میں چھ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اشتعال انگیز، من گھڑت اور سماج مخالف پروپگنڈہ اور افواہیں پھیلانے والے مواد (پوسٹنگ،شیئرنگ) سے گریز کریں۔بتادیں کہ این آئی ٹی میں پیش آئے واقعے کے بعد سوشل میڈیا سائٹوں پر من گھڑت اور جعلی ویڈیوز اور تصاویر کو شیئر کرنے کا پولیس نے سخت نوٹس لیا ہے۔
پولیس سربراہ آر آر سوئن نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ سوشل میڈیا پر، کسی بھی قسم کے ایسے ویڈیوز، ٹیکسٹ یا آڈیوز جو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے یا امن و قانون کی صورتحال میں خلل ڈالنے کے باعث ہوں، پوسٹ کرنے والوں کے خلاف تحت قانون سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے پوسٹوں کو شیئر کرنے والوں کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔
یو این آئی