پیر, دسمبر ۲, ۲۰۲۴
9.9 C
Srinagar

سوشل میڈیا پوسٹ واقعہ: این آئی ٹی سری نگر میں بدھ کو تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں، پولیس نے لیا واقعے کا نوٹس

سری نگر: ایک غیر مقامی طالب علم کی جانب سے مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی سوشل میڈیا پوسٹ کے خلاف طلباء کے احتجاج کے ایک دن بعد نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) سری نگر میں بدھ کے روز تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ مقامی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد این آئی ٹی میں بدھ کے روز کلاس ورک کو بنا بر احتیاط معطل رکھا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگین میں ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
سری نگر پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘پولیس نے این آئی ٹی حکام سے ایک اطلاع موصول ہونے پر این آئی ٹی حضرت بل کے ایک طالب علم کی طرف سے ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد اپ لوڈ کرنے کے واقعے کا نوٹس لیا اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگین میں تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا’۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کی سہ پہر کو این آئی ٹی سری نگر میں زیر تعلیم طالب علموں نے احتجاج کیا۔
ان کا مطالبہ تھا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے طالب علم کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ منگل کی سہ پہر طلبا کیمپس میں جمع ہوئے اور کئی گھنٹوں تک احتجاج کیا اور کیمپس کا دروازہ بھی بند کردیا۔
مذکورہ عہدیدار کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے غیر مقامی طالب علم کو چھٹی پر گھر بھیج دیا گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ این آئی ٹی کے رجسٹرار نے پولیس سے طالب علم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی درخواست کی ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img