ڈوڈہ:جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں دوران شب ایک سڑک حادثے میں دو افراد کی موت جبکہ گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے ٹناٹا گنڈنا روڈ پر ایک ٹا ٹا موبائل زیر رجسٹریشن نمبر JK06B – 1533 قریب 250 گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں دو افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ اس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور جس کی شناخت عاقب گلزار کے بطور ہوئی ہے، جس کو علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔
متوفین کی شناخت میر علی ولد نور ساکن کنتھال اور ظفراللہ ولد طالب حسین ساکن داندی بالا کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
بتادیں کہ ڈوڈہ کے ہی عسر علاقے میں ماہ رواں کی 15 تاریخ کو ایک دلدوز سڑک حادثے میں کم سے کم 38 مسافروں کی موت جبکہ 18 دیگر زخمی ہوگئے۔
یو این آئی