کشمیر میں ہوگی پوری عکس بندی ،جنوری2024 میںحسین وادیوں میں شروع ہو گی شوٹنگ
جنت بے نظیر کی حقیقی خوبصورتی اور تصویر کو کمر شل فلم کے ذریعے دنیا کے سامنے رکھا جائے گا :ہدایت کار ایس کمار
شوکت ساحل
سرینگر کشمیر جسے جنت بے نظیر بھی کہا جاتا ہے ،کی اصل حقیقی تصویر ہم فیچر فلم ’امن ِ کشمیر ‘ کے ذریعے دنیا کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں ،یہ ایک ایسی کہانی ہے جس سے دلوں کو جوڑنے اور جیتنے کی کوشش کی جائیگی ۔ان خیالات کا اظہار جمعہ کو بالی ووڈ کے مشہور ومعروف ڈائریکٹر، سینماٹو گرافر اور فلم رائٹر، ایس کمار ( سشیل کمار) نے کیا ۔
ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل کیساتھ خصوصی گفتگو کے دوران ایس کمار نے بتایا کہ بہت پہلے کشمیر میں کافی فلموں کی شوٹنگ ہوا کرتی تھی اور اگر یوں کہے کہ 10میں سے8فلموں کی عکس بندی کشمیر میں ہو ا کرتی تھی ،تو کچھ مبالغہ آرائی نہیں ہوگی ۔ان کا کہناتھا ’ میں ماضی میں کئی فلموں کا حصہ رہ چکا ہوں ،جن کی شوٹنگ کشمیر میں ہوا کرتی تھی ،لیکن بیچ میں یہ رشتہ ٹوٹ چکگیا اوریہاں فلموں کی شوٹنگ بھی بند ہوگئی ‘۔
ایس کمار نے کہا ’ یہ فلم الائیکافلمز کے بینر تلے بننے جارہی ہے ،لیکن میں ڈیٹ دے کر بھی نہیں آتا تھا ،کیوں کہ کشمیر کے حوالے سے دل میں ایک خوف سا بیٹھا ہوا تھا ‘۔انہوں نے کہا ’کشمیر میں آکرواقعی لگا کہ کشمیر بدل چکا ہے،کیوں کہ کشمیر کے بارے میں جو کہا جاتا تھا اور جو کچھ دکھایا جاتا تھا ،یہاں رہ کر ایسا کچھ محسوس ہی نہیں ہوا کہ کشمیر خوف کی ایک دلدل ہے ‘۔ان کا کہناتھا ’ بعض مفاد پرست افراد نے کشمیر کی شبیہ بگاڑنے کی کوشش کی جبکہ حقیقت یہ نہیں ہے ،جو وہ دکھا رہے تھے ‘۔
ڈائریکٹر ایس کمار نے کہا کہ یہاں رہ کر یہ احساس ہوا کہ کیوں نہ کشمیرکی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے ایک کمرشل فیچر فلم کے ذریعے رکھی جائے ،اس لئے میں نے ایک ایسے ٹائٹل کی تلاش کی ،جس کے ذریعے کشمیر کو دنیا کے سامنے رکھا جائے ‘، اس ٹائٹل کو حاصل کرنے میں بھی کافی تگدو کرنی پڑی ۔ان کا کہناتھا کہ ’ امن ِ کشمیر ایک کوشش ہے ،جس کے ذریعے ہم جنت بے نظیر کی اصل تصویر اور چہرے کو دکھانا چاہتے ہیں ‘۔ایس کمار نے کہا ’ بچپن سے سنتے آرہے ہیں کہ کشمیر ایک جنت ہے ،ہم فلم کے ذریعے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر ۔جنت ہے، کیوں ہے ،کہاں ہے اور کیسے ہے ‘۔
ڈائریکٹر ایس کمارنے کہا ’الائیکافلمزایک پروڈکشن ہاﺅ س بھی بنانے جارہی ہے ،جس کی وجہ سے کشمیر میں فلمیں بنیں گی اور یہاں کے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے نئے وسائل بھی پیدا ہوں گے ‘۔ان کا کہناتھا کہ فلم کے مرکزی کردار میں ساوتھ سے راج ویر ،تنو شری ،ارن بخشی ،سریندر پال ،علی خان ہیں ،جبکہ فلم میں ایک ۔دو بڑے کردار بھی ہیں ،جن کے نام فی الوقت لینا مناسب نہیں ہو گا ‘۔انہوں نے کہا کہ جنوری2024میں فلم کی شوٹنگ کشمیر کی حسین وادیوں میں شروع ہوگی اور فلم کی ساری عکس بندی کشمیر میں ہی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ فلم کی عکس بندی ایسے مقامات پر کی جائیگی ،جو ابھی منظر عام نہیں آئے ہیں اور اس فلم کی وجہ سے وہ مقامات بھی منظر عام پر آئیں گے ۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سال 2021میں ریاست کی نئی فلم پالیسی 2021میں جاری کی تھی۔اس نئی فلم پالیسی کو جاری کرنے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ کشمیر میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کو فروغ ملے تاکہ فلم سازوں کیلئے کشمیر دوستانہ مقام کے طور پر ابھرے ۔