سری نگر: دنیا بھر کی طرح وادی کشمیر میں بھی کرسمس کا مقدس اور پُرمسرت تہوارجمعرات کے روز نہایت تزک و احتشام، مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ خشک موسم اور سردی کے باوجود مسیحی برادری کے افراد اور دیگر عقیدت مند بڑی تعداد میں گرجا گھروں کا رخ کرتے نظر آئے۔
وادی میں کرسمس کی سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد روڈ پر واقع ہولی فیملی کیتھولک چرچ میں منعقد ہوئی، جہاں صبح سے ہی لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ چرچ کو اس موقع کی مناسبت سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران وادی میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جب کہ عقیدت مندوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
ایک عقیدت مند نے بتایا کہ ہم نے اس مقدس موقع پر کشمیر سمیت پوری دنیا کے لیے امن، ترقی اور بھائی چارے کی دعا کی۔ یہاں مقامی باشندوں کے ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی موجود ہیں، جو اتحاد اور ہم آہنگی کی مثال ہے۔ ان کے مطابق چرچ کی آرائش و زیبائش میں مقامی لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وادی میں مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی روایت آج بھی قائم ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی کرسمس کی تقریبات انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں، جہاں تہوار سے قبل ہی بڑی تعداد میں غیر مقامی سیاح پہنچ چکے تھے۔ چرچوں اور سیاحتی مقامات پر خاصی گہما گہمی دیکھی گئی۔
اسی طرح جموں میں بھی کرسمس کا تہوار پورے احترام اور شاندار تیاریوں کے ساتھ منایا گیا۔ تمام گرجا گھروں کو روشنیوں اور رنگین آرائش سے سجایا گیا تھا، جب کہ صبح سے ہی عقیدت مند عبادت کے لیے پہنچتے رہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرسمس ہر سال 25 دسمبر کو حضرت عیسیٰ مسیحؑ کی پیدائش کے دن کے طور پر مذہبی عقیدت اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔




