سری نگر: شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے آن لائن موڈ کے ذریعے سہولیت حاصل کرنے والے یاتریوں کے لئے اتکا آرتی کی فیس میں کمی کر دی ہے۔
شرائن بورڈ حکام کے مطابق اب چار افراد بشمول دو بالغ اور دو بچے جن کی عمر دس برس تک ہونی چاہئے، صرف 5 ہزار 1 سو روپیے میں اتکا آرتی میں شرکت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے اس آرتی میں شرکت کی فیس 2 ہزار روپیے فی یاتری تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیس میں کمی کا فائدہ آن لائن بکنگ کرنے والے گروپس کے لئے ہی مخصوص ہے۔
حکام نے کہا: ‘جو بر سر موقع بکنگ کریں گے ان کو پہلی ہی فیس یعنی 2 ہزار روپیے فی یاتری ادا کرنا ہوگی اور اس کے علاوہ ان کو بھون میں قیام کے لئے الگ فیس ادا کرنا ہوگی’۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن بکنگ میں قیام کی سہولیات بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انفراسٹکچر میں میں توسیع کی گئی ہے اور اب 4 سے 5 سو یاتری بہ یک وقت آرتی میں حصہ لے سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اتکا آرتی پرانی پوتر گھپا کے پاس صبح اور شام کے وقت کی جاتی ہے اس آرتی میں صرف وہی یاتری حصہ لیتے ہیں جنہوں نے اس کے لئے درخواست دی ہوتی ہے۔
بورڈ حکام نے کہا کہ فیس میں کمی کا یہ سلسلہ ماہ فروری تک رہے اور پھر آگے جاری رکھنے کے لئے اس پر نظر ثانی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا: ‘ہمیں امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ یاتری نومبر سے فروری تک اس سہولیت کا فائدہ اٹھائیں گے’۔
دریں اثنا شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو افسر انشول گرگ نے اتکا آرتی میں شرکت کے لئے فیس میں کمی کرنے کے فیصلے کی تصدیق کی۔
یو این آئی