اطلاعات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب کشمیر میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی وادی کے اونچے پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ شرع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ مغل شاہراہ پر پیر کی گلی کے مقام پر بھی درمیانی شب برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جس وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کو روک دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شاہراہ پر پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
جموں وکشمیر میں شمالی کشمیر کے اونچے پہاڑوں پر پیرکی صبح سے تازہ برف باری ہوئی جس وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں پر ہلکی بارشوں اور اونچے پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
یو این آئی اردو کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ پہاڑی سلسلہ پر پیر کی صبح کو ہلکی برف باری ہوئی۔برف باری کی وجہ سے اس پہاڑی سلسلے پر سفید چادر بچھ گئی ہے جس کا نظارہ گلمرگ کے نزدیک واقع سبھی علاقوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔
خطہ پیر پنچال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تاریخی مغل روڑ کے راستے بالخصوص پیر کی گلی کے مقام پر بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔ نیز دیگر کچھ پہاڑیوں نے بھی برف باری سے سفید رنگ و روپ اختیار کر لیا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی بارشوں اور اونچے پہاڑوں پر ہلکی برف باری متوقع ہے۔
اس دوران وادی میں پیرکےرو ز کو مطلع ابر آلود رہا ، بازاروں میں لوگوں کو گرم ملبوسات کی خریداری میں مصروف دیکھا گیا۔
سردی میں ہوئے قدرے اضافے کے باعث لوگوں کو گرم ملبوسات زیب تن کئے ہوئے دیکھا گیا اور کئی دفاتر میں گرمی کے آلات جیسے ہیٹر وغیرہ بھی استعمال میں لائے گئے۔