سری نگر: بعض پہاڑی علاقوں اور سیاحتی مقامات پر تازہ ہلکی برف باری کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 21 فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔
محکمہ کے ایک ترجمان نے 21 فروری تک موسم کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 11 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 12 فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ 13 فروری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 14 سے 16 فروری کی شام تک موسم عام طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم 16 فروری کی شام کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ 17 فروری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے جبکہ 18 سے 21 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں اور شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لئے متعلقہ ٹریفک یونٹوں کی طرف رجوع کریں اور انتظامیہ کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں، جہاں برفانی تودے رہنے کے خطرات رہتے ہیں۔





