سری نگر:وادی میں طویل خشک سالی کے بیچ پیر کی شام کو پہاڑی علاقوں میں برف و باراں اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں پیر کی شام پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقامات پر تازہ برف و باراں سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
وادی کشمیر میں بعد سہ پہر موسم نے کروٹ بدلی جس کے ساتھ ہی میدانی علاقوں میں بارشیں اور پہاڑوں علاقوں بالخصوص سیاحتی مقامات پر برف باری کا سلسلہ شروع ہوا۔نامہ نگار نے بتایا کہ زوجیلا پر تین انچ برف ریکارڈ ہوئی جبکہ سیاحتی مقامات گلمرگ ، سونہ مرگ اور پہلگام کے اوپری پہاڑیوں پر بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔
ماہر موسمیا ت فیضان عارف نے یواین آئی اردو کو بتایا کہ مغربی ہوائیں وادی کشمیر کی پہاڑیوں سے ٹکرانے کے ساتھ ہی سہ پہر کے بعد موسم تبدیل ہوا۔انہوں نے بتایا کہ گلمرگ کے افروٹ، سونہ مرگ ، زوجیلا، سم تھن ٹاپ ، سادھنا ٹاپ پر تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سادھنا ٹاپ پر پیر کی سہ پہر سے ہی برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ان کے مطابق کئی گھنٹوں تک ہی میدانی علاقوں میں بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برف و باراں جاری رہے گی اور اس کے بعد موسم میں بہتری واقع آنا شروع ہو جائے گی۔ماہر موسمیات نے بتایا کہ 14اکتوبر سے موسم کا مزاج پھر بدلے گا جس دوران پہاڑی علاقوں میں برف و باراں متوقع ہے۔
یو این آئی