منوج سنہا نے واک تھون ‘واک فار وائلڈ لائف’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

منوج سنہا نے واک تھون ‘واک فار وائلڈ لائف’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

سری نگر:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز یہاں گالف کورس سے نشاط باغ سری نگر تک وائلڈ لائف ویک 2023 کے ایک حصے کے طور پر واک تھون ‘واک فار وائلڈ لائف’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن کی طرف سے منعقدہ اس 5 کلو میٹر طویل واک تھون میں نامور شہریوں، وائلڈ لائف پروٹیکشن اور ایکو کلب کے ممبران، رضا کاروں، این سی سی کیڈٹس اور طلبا کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
اس کا مقصد وائلڈ لائف تحفظ کے بارے میں جانکاری کو عام کرنا تھا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونین ٹریٹری انتظامیہ جنگلی حیات اور بھر پور و منفرد ماحولیاتی ورثے کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ماحولیاتی سالمیت کو مضبوط کرنا، اپنے دریائوں، جھیلوں کی اصل شان کو بحال کرنا اور اپنے جنگلوں کو سمگلروں اور شکاریوں سے بچانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ ہر شہری اور ہر نوجوان کو وائلڈ لائف ماحولیات کا دوست بننا چاہئے اور پائیدار طرز زندگی کو اپنانے کے لئے معاشرے میں بیداری پھیلانی چاپئے’۔
اپنے خطاب کے دوران منوج سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جنگلی حیات کی رہائش گاہوں کی مربوط ترقی اور ماحولیاتی سیاحت اورگرین معیشت کو فروغ دینے کے لئے یونین ٹریٹری انتظامیہ کی کاوشوں کا تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ترال میں قائم ہانگل بریڈنگ سینٹر جو سال 2008 سے بند پڑا تھا کو اس سال بحال کرکے مکمل کیا گیا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ہانگل کی آبادی میں اضافہ درج ہوا ہے اور سال 2022 میں مزید 2 رام سر سائٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سال گذشتہ یہاں زائد از 13 لاکھ نقل مکانی کرنے والے پرندوں کو دیکھا گیا۔
انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے انسانی جانوں کے تحفظ، ان کے املاک اور مویشیوں کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدام کی سراہنا کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر ایک مختصر فلم ‘جے اینڈ کے: وائلڈ لائف کرانیکلر’ اور محکمہ وائلڈ لائف کا ایک پوسٹر بھی جاری کیا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.