سری نگر: سونہ مرگ میں گذشتہ رات برفانی تودہ گر آنے کے واقعے کے بعد گاندربل پولیس نے برفانی تودے سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ رات 10 بجکر 15 منٹ پر نیو ٹریک یارڈ سونہ مرگ کے قریب برفانی تودہ گر آنے کا واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا: ‘خوش قسمی سے اس کا اثر معمولی رہا اور کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے’۔
ان کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے پولیس ٹیم کے ساتھ ایس ڈی آر ایف بر وقت موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ محکمے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے احتیاطی اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘موجودہ حالات کے پیش نظر گاندر بل پولیس عوام، سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں کو سختی سے ہدایت کرتی ہے کہ وہ برفانی تودے کے خطرے والے علاقوں میں جانے یا وہاں قیام کرنے سے اجتناب کریں’۔
ان کا کہنا ہے کہ برفانی تودے آنے کے امکانات انتہائی زیادہ ہیں اور حساس علاقوں میں غیر ضروری نقل و حمل سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، مق2امی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور سونہ مرگ ایکسز اور ملحقہ علاقوں میں سرف کرنے کے دوران حفاظت کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ گاندربل پولیس عوام کی سلامتی اور بہبود کے لئے پر عزم ہے۔




