ہفتہ, ستمبر ۲۱, ۲۰۲۴
19 C
Srinagar

جعلی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے الزام میں تین ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائر:کرائم برانچ کشمیر

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر نے جعلی پسماندہ ذات سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے الزام میں ایک استاد اور دو ریونیو افسروں کے خلاف چارج شیٹ پیش کی ہے۔
برانچ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپیشل کرائم ونگ (کرائم برانچ) سری نگر نے 5 اکتوبر 2023 اننت ناگ کی ایک معززعدالت میں ایف آئی آر نمبر 25/2012 میں تین ملزمان کے خلاف آر پی سی کے420, 467, 468, 471,201, 120 – B کے تحت قابل سزا جرائم میں ملوث ہونے پر چارج شیٹ درج کی۔
انہوں نے کہا کہ کرائم برانچ کشمیر میں یہ کیس اس وقت کے زونل ایجوکیشن افسر کولگام کی طرف سے دائر ایک شکایت پر درج کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ رشید الحسن گوجر ولد غلام حسن گوجر سکان آریگتنو کولگام کی سروس سلیکشن بورڈ کے آرڈر نمبر2034/ 2007 تاریخ 17/10/1007 میں شیڈول ٹرائب زمرے کے تحت بحیثیت استاد تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ استاد نے 7 نومبر 2007 کو زونل ایجوکیشن افسر کولگام کے دفتر میں جوائننگ رپورٹ پیش کی اور ضروری سرٹیفکیٹس و دستاویزات بشمول ایس ٹی، پی آر سی اور تاریخ پیدائش سرٹیفکیٹ پیش کیں۔
انہوں نے کہا: ‘اسناد کی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ تاریخ پیدائش کی سرٹیفکیٹ پر ذات کو ‘وگے’ کے طور پر ظاہر کیا گیا تھا جبکہ شیدول ٹرائب اور پی آر سی سرٹیفکیٹس پر ذات ‘گوجر’ درج تھی’۔
بیان میں کہا گیا کہ شکایت موصول ہونے پر سی بی کے نے ابتدائی تحقیقات شروع کیں۔
انہوں نے کہا: ‘تحقیقات کے دوران یہ منکشف ہوا کہ مذکورہ استاد کی اصلی ذات ‘وگے’ ہے اور اس نے ریونیو حکام کے ساتھ مل کر اپنی ذات کو ‘وگے’ سے تبدیل کرکے ‘گوجر’ کیا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کرائم برانچ میں باقاعدہ ایک ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران گواہوں کے بیانات کو ریکارڈ کیا گیا اور متعلقہ محکمے سے متعلقہ ریکارڈ حاصل کیا گیا۔
انہوں نے کہا: ‘تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کی ملزم نمبر 1 (فائدہ اٹھانے والا) نے دوسرے دو ملزموں ریونیو افسروں جو اب سبکدوش ہوئے ہیں، کے ساتھ مل کر تحصیل آفس کولگام میں ایک میوٹیشن نمبر 1/391 سے اپنی ذات تبدیل کرائی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم ریونیو حکام نے اپنے سرکاری عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھا کر مجرمانہ سازش کو آگے بڑھانے کے لئے ایک جھوٹی اور جعلی میوٹیشن تیار کی اور اس پر عمل کیا اور اس طرح جعلی شیڈول ٹرائب سرٹیفکیٹ جاری کی جس سے ملزم نمبر1 بطور استاد تعینات ہونے میں کامیاب ہوا۔
بیان کے مطابق شواہد کی بنیاد پر آر پی سی کے متعلقہ دفعات کے تحت ملزمان کے خلاف کیس ثابت ہونے پر تحقیقات مکمل کی گئی۔

یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img