بدھ, جنوری ۲۸, ۲۰۲۶
1.6 C
Srinagar

.کشمیر میں موسم بتدریج بہتر، رواں ماہ کے آخر تک خشک رہنے کا امکان

سری نگر: وادی کشمیر میں وسیع پیمانے پر برف وباراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے اوردریں اثنا محکمہ موسمیات نے ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 29 جنوری سے 31 جنوری کی شام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں یکم اور 2 فروری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارش ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں بعد ازاں 3 سے 6 فروری تک موسم جزوی ابر آلود مگر عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں اور شاہراہوں کے متعلق تازہ جانکاری حاصل کرنے کے لئے متعلقہ ٹریفک حکام کی طرف رجوع کریں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری مشوروں پر عمل کریں۔

انہوں نے پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے یا لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات رہتے ہیں۔دریں اثنا سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 سینٹی میٹر برف جبکہ 9.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8.9 سینٹی میٹر تازہ برف جبکہ 11.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں اس دوران 23.4 سینٹی میٹر تازہ برف جبکہ 22.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.0 سینٹی میٹر تازہ برف جبکہ6.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں اس دوران21.0 ملی میٹر تازہ برف جبکہ 19.0 ڈگری ملی میٹر بارش ریکارد ہوئی ہے۔

وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔
موسم گرما کے دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی9.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں کے آخری دن چل رہے ہیں۔ یہ چلہ 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img