بدھ, جنوری ۲۸, ۲۰۲۶
-1.6 C
Srinagar

پاندچھ اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بندش، عوام مشکلات سے دوچار

محکمہ بجلی معمولی خرابی کا دعویدار، مگر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود سپلائی بحال نہ ہو سکی

نمائندہ خصوصی

پاندچھ: پاندچھ کے ریسیونگ اسٹیشن سے گزشتہ شب اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہو جانے کے باعث پاندچھ، گلاب باغ، احمد نگر اور کھل مولہ سمیت متعدد علاقوں میں اندھیرا چھا گیا، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی کی طویل بندش نے نہ صرف گھریلو زندگی کو مفلوج کر دیا بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔

خصوصی نمائندے کے مطابق، گزشتہ رات پاندچھ ریسیونگ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بند ہو گئی، جس کے نتیجے میں مذکورہ علاقوں کے ہزاروں صارفین بجلی سپلائی سے محروم ہو گئے۔منگل کی شب سے بجلی بحال نہ ہونے سے عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ شدید سردی کے موسم میں بجلی کی عدم دستیابی نے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کے باعث گھریلو ہیٹر، پانی کی موٹریں اور دیگر ضروری برقی آلات بند پڑے ہیں، جس سے روزمرہ کے معمولات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے کیونکہ بجلی نہ ہونے کے سبب موٹریں نہیں چل سکیں۔ دکانداروں اور چھوٹے کاروباری افراد نے بھی بجلی کی بندش کو اپنے لیے مالی نقصان کا سبب قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں جب محکمہ بجلی کے ذمہ داران سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ریسیونگ اسٹیشن پاندچھ میں معمولی تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی ہے، جسے درست کرنے کا کام جاری ہے۔ افسران کے مطابق خرابی زیادہ سنگین نہیں، تاہم 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بجلی کی سپلائی بحال نہ ہو نا، محکمہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے محکمہ بجلی کی جانب سے بروقت اطلاع نہ دینے اور غیر واضح بیانات پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور مستقبل میں اس قسم کی صورتحال سے بچنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیں، ذمہ داران کا تعین کریں اور پاندچھ سمیت ملحقہ علاقوں کو مستقل اور بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کو یقینی بنائیں، تاکہ عوام کو مزید ذہنی اذیت اور مشکلات سے نجات مل سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img