بدھ, جنوری ۲۸, ۲۰۲۶
1.6 C
Srinagar

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا طیارہ حادثے میں انتقال

ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے لیڈر اجیت پوار کا بدھ کی صبح بارامتی ہوائی اڈے پر پیش آئے طیارہ حادثے میں انتقال ہوگیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے اہلکاروں نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق وی ایس آر ایوی ایشن کے زیرِ انتظام نجی طیارہ لیئر جیٹ 45 صبح تقریباً پونے نو بجے بارامتی ہوائی پٹی پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس طیارے میں اجیت پوار کے ہمراہ ایک ذاتی سیکورٹی افسر، ایک معاون اور عملے کے دو ارکان سوار تھے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق طیارے میں موجود تمام پانچ افراد کی اس حادثے میں موت ہوگئی ہے۔

مقامی افراد اس واقعے کے چشم دید گواہ تھے اور اطلاع ملتے ہی ایمبولینسوں کے ساتھ سینئر پولیس افسران اور دیگر ہنگامی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ حادثے کی وجوہات اور طیارے کو پہنچے نقصان کی جانچ کی جا رہی ہے۔
اجیت پوار کو بارامتی میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے سلسلے میں ریلیوں سمیت متعدد عوامی پروگراموں میں شرکت کرنی تھی۔ اس سے قبل منگل کے روز انہوں نے ممبئی میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی صدارت میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق مہاراشٹر کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
اس حادثے سے پورے مہاراشٹر میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف سیاسی رہنماؤں اور عوام نے نائب وزیر اعلیٰ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ضلع احمد نگر کے راہوری تعلقہ کے دیولالی پروَرا میں 22جولائی 1959 کو پیدا ہوئے اجیت پوار مہاراشٹر کے ایک نمایاں سیاسی رہنما تھے، جو اپنی لگن اور متحرک قیادت کے لیے مشہور تھے۔ وہ چار مرتبہ نائب وزیر اعلیٰ رہے اور انہوں نے رکنِ پارلیمنٹ، رکنِ اسمبلی اور مختلف محکموں کے وزیرمملکت کے طور پر اہم ذمہ داریاں ادا کیں۔
عوام میں “دادا” کے نام سے مشہور اجیت پوار اپنی وقت کی پابندی، صاف گوئی اور عوامی خدمت کے عزم کے لیے مشہور تھے۔ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی میں ان کی خدمات—کسانوں کی فلاح و بہبود سے لے کر صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی تک—مہاراشٹر کی ترقی کی سمت متعین کرنے میں اہم رہی ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img