بدھ, اکتوبر ۹, ۲۰۲۴
23.9 C
Srinagar

کشمیر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کپوارہ میں مختلف عوامی وفود سے ملے

سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جمعہ کو اپنے دورہ کپوارہ کے دوسرے دن مختلف عوامی وفود سے ملے اور ان کے مسائل و معاملات کو غور سے سنا۔انہوں نے وفود سے ان کے جائز مسائل کو جلد حل کرانے کی یقین دہانی کی۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی ہونے والے وفود میں پی آر آئی ممبران، سرحدی علاقوں کے باشندگان، ٹریڈرس فیڈریشن، پہاڑی، بکروال، گجر اور اقلیتی کمیونٹی کے ممبران، کسان، ٹرانسپورٹرس، میڈیا برادری اور بار ایسو سی ایشن شامل تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان کے مسائل کو بغور سنا اور جائز مسئلوں کو جلدی حل کرنے کی یقین دہانی کی۔میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے کے دوران انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی عوام دوست پالیسوں سے اس ضلع کی ہمہ گیر تعمیر و ترقی تیز تر ہوئی ہے اور اب یہاں کا عام آدمی پر امن ماحول میں زندگی گذار رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مربوط کاوشوں کی وساطت سے اس ضلع میں سیاحوں کی آمد میں بھی خاطر خواہ اضافہ درج ہوا ہے۔
موصوف ایل جی نے کہا کہ بجلی اس ضلع کے دور افتادہ دیہات تک پہنچ گئی ہے اور جل جیون مشن کے تحت جاری کاموں میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘نل سے جلٌ اسکیم کے تحت تمام دیہات، پنچایتوں کو 31 دسمبر تک کور کیا جائے گا جس کا 70 فیصد کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔
کپوارہ کی ریل کنکٹی وٹی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘ریل وزارت نے کپوارہ ریل لائن کی سروے کو منظوری دی ہے’۔انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے اور ڈی پی آر جمع ہونے کے بعد ریل لنک کا کام شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے سرمائی شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img