نوشہرہ تیز آب حملہ: ملزمان پر جرم ثابت، ہفتے کو سزا سنائی جائے گی :سرکاری وکیل

نوشہرہ تیز آب حملہ: ملزمان پر جرم ثابت، ہفتے کو سزا سنائی جائے گی :سرکاری وکیل

سری نگر:سری نگر کی ایک عدالت نے طالبہ پر تیزاب پھینکنے والے ملزمان پر جرم ثابت کیا ہے۔اس سلسلے میں سزا ہفتے کو سنائی جائے گی۔متاثرہ نے کہا ہے عدالت نے اس کے ساتھ انصاف کیاہے۔اطلاعات کے مطابق پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سری نگر نے بدھ کو نوشہرہ میں سال 2014میں طالبہ پر تیز آب پھینکنے کے کیس میں ملزمان کو مجرم قرار دیا ہے۔سرکار ی وکیل کی جانب سے عدالت میں ٹھوس شواہد و ثبوت پیش کرنے کے بعد ملزمان کو قصور وار پایاگیا۔بتادیں کہ سال 2014کے دسمبر مہینے میں سری نگر کے نوشہرہ علاقے میں لا کالج کے باہر نوجوان نے طالبہ پر تیز آب پھینکا جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئی اور اس کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر دو ملزمان جن کی شناخت ارشاد احمد وانی عرف سنی اور محمد عمرکے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لاکر ایس ایس پی حضرت بل کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔سرکاری وکیل عبدالعزیز تیلی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ 2014میں سری نگر کے نوشہرہ لا کالج کے باہر قانون کی طالبہ پر ماروتی کار سے تیز آب پھینکا گیا جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئی اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر صورہ منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف صورہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے اس وقت کے ایس پی حضرت بل رائیس احمد کی سربراہی میں خصوصی تحقیقات ٹیم تشکیل دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ملزمان کے خلاف چارج شیٹ بھی دائر کی گئی اور اس پر کورٹ میں بحث بھی ہوئی۔ان کے مطابق کورٹ نے دونوں ملزمان پر A326اور 12Bکے تحت قصوروار قرار دیا۔سرکاری وکیل کے مطابق کورٹ میں 48گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے اوراس میں وقت لگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ملزمان جو کہ سینٹرل جیل سری نگر میں پچھلے نو برسوں سے مقید ہے کو آج کورٹ میں پیش کیا گیا جس دوران جج موصوف نے دونوں کو قصور وار قرار دے دیا۔موصوف وکیل نے کہاکہ دونوں کو کم سے کم دس سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

ان کے مطابق سپریم کورٹ اور ملک کی دیگر عدالتوں میں ایسے ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ مذکورہ ملزمان کو بھی عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سزا کے ساتھ ساتھ طالبہ پر علاج ومعالجہ کے دوران لگ بھگ 37لاکھ روپیہ کا خرچ آیا ہے وہ بھی انہیں ادا کرنا پڑے گا۔دریں اثنا متاثرہ طالبہ جو اب وکیل کے بطور اپنے فرائض انجام دے رہی ہے نے کہاکہ عدالت سے انہیں انصاف ملا ہے اور میں امید کرتی ہوں کہ دونوں کو عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.