محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں کا سری نگر میں ایک بار پھر احتجاج

محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں کا سری نگر میں ایک بار پھر احتجاج

سری نگر: محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں نے جمعرات کے روز ایک بار پھر یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنے مطالبات خاص طور پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اس موقع پر منیر احمد نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم گذشتہ تین برسوں سے احتجاج کر رہے ہیں اور آج ایک بار پھر یہاں جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ایل جی صاحب نے 12 دسمبر 2022 کو ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا لیکن آٹھ ماہ گذر جانے کے باوجود بھی رپورٹ ابھی تک پیش نہیں کی گئی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے یہیں سے اس لسٹ میں ہونے والی دھاندلیوں کے ثبوت فراہم کئے تھے لیکن پھر بھی رپورٹ سامنے نہیں لائی جا رہی ہے’۔موصوف احتجاجی کا الزام تھا: ‘ہم کو در بدر کیا جا رہا ہے ہم جو نوجوان سڑکوں پر ہیں یہ جموں و کشمیر کا مستقبل سڑکوں پر ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘رپورٹ کو پیش نہ کرکے کس کا دفاع کیا جا رہا ہے’۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بی جے پی حکومت نے اچھے کام بھی کئے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جلد از جلد سامنے لائی جائے بصورت دیگر ہم ہر ضلع میں مہم چلائیں گے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.