جموں کشمیر:بڈگام اور بارہمولہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ 6 ملی ٹنٹ معاونین گرفتار، اسلحہ وگولہ بارود بر آمد: پولیس

جموں کشمیر:بڈگام اور بارہمولہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ 6 ملی ٹنٹ معاونین گرفتار، اسلحہ وگولہ بارود بر آمد: پولیس

سری نگر:جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام اور شمالی ضلع بارہمولہ میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ 6 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے فوج کی 62 آر آر کے ساتھ کارروائی انجام دیتے ہوئے بڈگام ضلع کے خانصاحب علاقے میں 3 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کیا۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت قیصر احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکن کرمشورہ، طاہر احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکن واگورہ اور عاقب رشید گنائی ولد عبدالرشید گنائی ساکن واگورہ کے بطور کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تینوں لشکر طیبہ نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ تھے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے ایک چینی ہینڈ گرینیڈ، 2 میگزین، 57 گولیاں اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مواد کو مزید تحقیقات کے لئے کیس ریکارڈ میں رکھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن خانصاحب میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
ایک اور کارروائی کے دوران بارہمولہ پولیس نے قصبہ اوڑی میں ملی ٹنٹوں کے ایک ماڈیول کو تباہ کرکے لشکر طیبہ کے 3 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بارہمولہ پولیس اور فوج کی 16 ایس آئی کے ایچ ایل آئی نے چورنڈا اوڑی علاقے میں مشترکہ گشت کے دوران ایک شخص کو مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے سیکورٹی فورسز کی گشتی پارٹی کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 2 گرینیڈ بر آمد کئے گئے جس کے فوراً بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت شوکت علی اوان ولد عبدالکریم ساکن چورندا اوڑی کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا: ‘پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے مزید دو ساتھیوں کے ناموں کا انکشاف کیا جن کی شناخت احمد الدین ولد شکور الدین ساکن چورندا اوڑی اور محمد صدیق کھٹانہ ولد عمر الدین ساکن چورندا کے بطور ہوئی’۔
انہوں نے کہا: ‘پوچھ تاچھ کے دوران ان کے انکشاف پر 2 گرینیڈ، 1 چینی ساخت کا پستول، 1 پستول میگزین اور 4 گولیاں بر آمد کی گئیں’۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمین پاکستان نشین ٹیرر ہینڈلرس کے ایما پر سرحد پار اسلحہ اسمگلنگ کرتے تھے اور اس اسلحہ و گولہ بارود کو لشکر طیبہ سے وابستہ ملی ٹنٹوں میں تقسیم کرتے تھے۔
پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن اوڑی میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.