جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
18.4 C
Srinagar

کشمیر میں 2 جون تک مزید بارشیں، کسانوں سے اس دوران آپریشنز ملتوی کرنے کی تاکید

سری نگر، 30 مئی: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 2 جون تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے اس دوران اپنے آپریشنز ملتوی کرنے کی تاکید کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 31 مئی سے 2 جون تک گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران ژالہ باری ہونے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 3 سے 8 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے تاہم وسیع پیمانے پر بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ 2 جون تک اپنے آپریشنز جیسے فصل کٹائی، دوا پاشی وغیرہ کو معطل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ برف و باراں سے پر خطر علاقوں میں ٹریفک کی نقل و حمل عارضی طور متاثر ہوسکتی ہے متعلقین کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت کہیں معمول سے کم تو کہیں معمول سے زیادہ درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img