پونچھ میں مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کے بعد وسیع علاقے میں تلاشی آپریشن

پونچھ میں مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کے بعد وسیع علاقے میں تلاشی آپریشن

جموں،10مئی: جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع میں مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے نصف درجن علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔
اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کی صبح پونچھ کے نصف درجن علاقوں کو محاصرے میں لے کر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو مقامی لوگوں نے اطلاع دی کہ قصبے میں مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے بعد سلامتی عملے نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ناوان، پرانی پونچھ اور جرنالی محلہ کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ 20اپریل کو بھاٹہ دوڑیاں میں سیکورٹی فورسز پر حملے کے بعد پونچھ میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق پونچھ قصبے میں درمیانی شب مشتبہ افراد کو دیکھا گیا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آ ئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.