منگل, نومبر ۱۱, ۲۰۲۵
6.1 C
Srinagar

مسلم پبلک ہائی اسکول میں یک روزہ نعتیہ مشاعرہ ،مرکز ِفکر و فن اور ایشین میل کمینیکشنزنے کیا اہتمام

طلبائ، مقتدر شعرا ءنے پیش کیا نعتیہ کلام ، صوفی شاعر منظور دَمدار کے شاعری مجموعہ ’اشعارثمر بار‘کی بھی رسم رونمائی

شوکت ساحل

سرینگر/مسلم پبلک ہائی اسکول کرسو راجباغ سرینگر میں بدھ کو یک روزہ نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا ۔اس ادبی نشست کا اہتمام مرکز ِ فکر وفن اور ایشین میل کمینیکشنز نے مسلم پبلک ہائی اسکول کے اشتراک سے کیا ۔اس دوران صوفی شاعر منظور دَمدار کے شاعری مجموعہ ’اشعارثمر بار‘کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی ۔مرکز ِفکر و فن اور ایشین میل کمینیکشنزنے مسلم پبلک ہائی اسکول کرسو راجباغ سرینگر کے اشتراک سے یک روزہ نعتیہ مشاعرے کا اہتمام کیا ،جس میں اسکولی طلباءوطالبات کے علاوہ وادی کے مقتدر شعرا ءنے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا اور حاضرین سے داد حاصل کی ۔اس ادبی نشست کی صدارت وادی کے مشہور و معرروف شاعر ،قلمکار اور براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد نے کی جبکہ ایوان صدارت میں شاعر و سینئرصحافی امداد ساقی اور مسلم پبلک ہائی اسکول کے چیرمین محمدالطاف اورسابق پرنسپل محمد حسین موجود رہے۔مشاعرے سے قبل صوفی شاعر منظور دَمدار کے شاعری مجموعہ”اشعارثمر بار“ کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔معززشعرا ءاور دیگر افراد کا استقبال کرتے ہوئے ادراہ ایشین میل کے مدےر اعلیٰ رشید راہل نے کہا کہ مقدس ماہ رمضان ہمیں پیغمبر اسلام ﷺ کے طفیل ملا ہے اور اس کے احترام ،فضیلت اور روحانیت کو مد نظر رکھ کر ہی ہم نے آج نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا جبکہ اس طرح کی تقریبات منعقد کرنا اگر چہ اس ادارے کا طرہ امتیاز رہا ہے، لیکن آج کی تقریب انسانی روح کو تر و تازگی بخشنے کے لئے منعقد ہوئی۔

تصویر:امتیاز گلزار

ان کا کہناتھا کہ موجودہ دور میں اس طرح کے پروگرام منعقد کرنا ،نوجوان نسل کے لئے بے حد ضروری ہے، کیونکہ ہماری نوجوان نسل اپنے اسلاف کی روحانی تعلیمات سے بے خبر ہے۔رشید راہل نے اعلان کیا کہ اسکول میں زیر تعلیم طلبہ اور اساتذہ کی قلمی صلاحیت کو منظر عام پر لانے کے لئے ادارہ ایشین میل اپنا کلیدی کردار ادا کر ے گا اور 12صفحات پر مشتمل اخبارات میں 2صفحات ادب ،تہذیب وتمدن اور ثقافت کے علاوہ نوجوان اور ابھرتے ہوئے قلمکاروں کے لئے وقف کر رکھے ہیں جبکہ ایشین میل نے ڈیجیٹل میڈیا میں بھی ایک مخصوص جگہ دستیاب رکھی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ ابھرتے ہوئے قلمکاروں کی حوصلہ افزائی ادارہ ایشین میل کا کور مشن ہے ۔اس موقع پر صدر مجلس عبدالاحد فرہاد نے کہا کہ نوجوان اپنے بزرگوں کے نقش و قدم پرچل کر ہی بہترین انسان بن سکتے ہیں اور کامیابی وکامرانی سے ہم آہنگ ہوں گے۔ان کا کہناتھا کہ ایسے پروگرام منعقد کر کے ادارہ ایشین میل ایک بہت بڑا کارنامہ انجام دے رہا ہے۔

تصویر:امتیاز گلزار

انہوں نے” اشعار ثمر بار“ پر تبصرہ بھی کیا۔سینئرصحافی اور شاعر امداد ساقی نے مرکز ِ فکر و فن اور دےگرمنتظمین کو ایسے پروگرام منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ نوجوان نسل کو ادب و ثقافت کی جانب راغب کرنے کے لیے اساتذہ بہتر اور کلیدی رول ادا کر سکتے ہیں۔مشاعرے میں جن شعراءکرام نے اپنا کلام پیش کیا ،ان میں عبدالا احد فرہاد،امداد ساقی ،انجینئر بشیر شبنم،مرزا بشےر شاکر،منظور دمدار،حمےد ناصر،اشرف نثار،رشید راہل، غلام محمد گلزار اور اسکولی طلباءایان فیاض،محمد دائم اور مصدق احمد شیخ قابل ذکر ہے۔ادبی تقریب کی نظامت اسکول کے وائس چیرمین ایڈوکیٹ اسرار احمد نے انجام دی جبکہ دیگرلوگوں کے علاوہ جن اہم شخصیات نے پروگرام میں شمولیت کی، ان میں افسانہ نگارشکیل الرحمان،سینئرصحافی و مدیر اعلیٰ کشمیر نیوز سروس( کے این ایس) محمد اسلم بٹ،اینجلز کلچرل اکادمی کے چیرمین طارق احمدشیرا،،ایشین میل کے منیجنگ ڈائریکڑمحبوب جیلانی،سینئر نامہ نگارفردوس وانی،ویڈیو جنرلسٹ امتیاز گلزار شامل ہے جبکہ اسکول میں زیر تعلیم طلباءوطالبات کی بڑی تعداد نے بھی اس عظیم تقریب میں شرکت کی ۔آخر پر اسکول کی پرنسپل محترمہ شازیہ رفیق نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی ادارہ ایشین میل اس طرح کے پروگرام منعقد کرے گا ۔ جن طلبہ نے مشاعرے میں حصہ لیا، انہیں خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img