ترقیاتی منصوبے کی سوغات دینے پی ایم مودی وارانسی پہنچے

وارانسی / وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے ایک روزہ دورے پر پہنچے جہاں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کا استقبال کیا۔
مسٹرمودی عوامی سہولت سے متعلق 28 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس میں جلکل محکمہ کاانتہائی اہم سولر پاور پروجیکٹ بھی شامل ہے۔ یومیہ 2 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل اس منصوبے سے جلکل محکمہ کا بجلی کا بل 30 فیصد کم ہوجائے گا۔
وزیر اعظم صبح تقریباً 10.30 بجے رودراکش کنونشن سینٹر میں ‘ون ورلڈ ٹی بی سمٹ’ سے خطاب کریں گے۔ بعد میں سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی گراؤنڈ میں 1780 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
مسٹر مودی وارانسی کینٹ اسٹیشن سے گودولیا تک پیسنجر روپ وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس پروجیکٹ کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 645 کروڑ روپے ہے۔ پانچ اسٹیشنوں پر مشتمل یہ روپ وے سسٹم 3.75 کلومیٹر طویل ہوگا۔ پی ایم نمامی گنگے اسکیم کے تحت بھگوان پور میں 55 ایم ایل ڈی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ پلانٹ 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کھیلو انڈیا اسکیم کے تحت سگرا اسٹیڈیم کے دوبارہ ترقی کے کام کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
مقامی ایم پی سیواپوری میں ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے ذریعہ تعمیر کیے جانے والے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے اوربھرتھرا گاؤں میں پرائمری ہیلتھ سنٹر، چینجنگ روم سے لیس فلوٹنگ جیٹی سمیت مختلف دیگر پروجیکٹوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ وہ جل جیون مشن کے تحت پینے کے پانی کی 19 اسکیموں کا افتتاح کریں گے۔ پینے کے پانی کی ان اسکیموں سے 63 گرام پنچایتوں کے تین لاکھ سے زیادہ لوگ مستفید ہوں گے۔ دیہی پینے کے پانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد کے ساتھ، وزیر اعظم اس مشن کے تحت پینے کے پانی کی 59 اسکیموں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

یواین آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.