پاکستان جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو پھر سے فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف/پولیس سربراہ دلباغ سنگھ

پاکستان جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو پھر سے فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف/پولیس سربراہ دلباغ سنگھ

سانبہ،4مارچ: جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ سانبہ میں سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا کر بڑی مقدار میں منشیات اور نقدی برآمد کی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان جموں وکشمیر میں حالات کو درہم برہم کرنے کی خاطر زیادہ سے زیادہ ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی کوشش کررہا ہے تاہم سیکورٹی ایجنسیاں پاکستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔ان باتوں کا اظہار پولیس سربراہ نے سانبہ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کو سانبہ میں بڑی کامیابی ملی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران ہیروئن اور نقدی کے ساتھ ساتھ اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔پولیس سربراہ کے مطابق پاکستان جموں وکشمیر میں نارکو ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے کی کوششوں میں مصروف ہے تاکہ منشیات سے حاصل شدہ رقم کو دہشت گرد سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لایا جاسکے۔ان کے مطابق پاکستان کی طرف سے جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کو پھر سے فعال کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں تاہم ہر بار ہمسایہ ملک کے منصوبے کو سیکورٹی ایجنسیوں نے ناکام بنایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان جموں وکشمیر میں دہشت گردی کو زندہ رکھنے اور نارکو ٹریڈ کو فروغ دینے کی خاطر منصوبہ بندی کر رہا ہے۔موصوف ڈی جی پی نے بتایا کہ پونچھ کیس کی شدت کے ساتھ تحقیقات ہو رہی ہے اور اس ضمن میں بین ریاستی نیٹ ورک کا بھی پتہ چلا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو ملی ٹینٹ صفوں میں شامل کرانے کی خاطر پاکستان اور اس کی ایجنسی مصروف ہے لیکن ہر بار ان کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشتگردی کے ایکو سسٹم کو تباہ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے ، ہمیں پونچھ میں بہت بڑی کامیابی ملی ہے۔دلباغ سنگھ نے کہاکہ پاکستان جموں وکشمیر میں امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی خاطر زیادہ سے زیادہ ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.