این آئی اے نے کپواڑہ میں مہلوک حزب کمانڈر بشیر احمد پیر کی جائیداد منسلک کردی

این آئی اے نے کپواڑہ میں مہلوک حزب کمانڈر بشیر احمد پیر کی جائیداد منسلک کردی

سری نگر،4 مارچ: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کو سرحدی ضلع کپواڑہ کے کرالہ پورہ علاقے میں مہلوک حزب کمانڈر بشیر احمد پیر کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کردیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے، پولیس اور تحصیلدار کرالہ پورہ کے ہمراہ بابا پورہ کپواڑہ میں مہلوک حزب کمانڈر بشیر احمد پیر عرف امتیاز عالم ولد مرحوم سکندر پیر کی تین کنال اراضی کو منسلک کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے پولیس کی مدد سے اس جائیداد پر ’اٹیچ منٹ‘ نوٹس لگا دی۔نوٹس بورڈ پر لکھا ہے: ’عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کرالہ پورہ باباپورہ علاقے میں واقع بشیر احمد پیر جس کو یو اے پی اے کے تحت دہشت گرد قرار دیا گیا ہے کے زیر قبضہ 3کنال پر محیط اراضی کو منسلک کیا جاتا ہے۔

بتا دیں کہ امسال فروری کے مہینے میں حزب کمانڈر بشیر احمد پیر پر راولپنڈی پاکستان میں نامعلوم بندوق برداروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔بشیر احمد پیر ضلع کپواڑہ کا ساکن تھا اور وہ 15سال قبل پاکستان چلا گیا۔اس سے قبل این ائی اے نے سوپور اور شہر خاص کے جامع مسجد نوہٹہ علاقے میں دو ملی ٹینٹ کمانڈروں کی جائیداد کو قرق کیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ کمانڈروں کی ایک لسٹ تیار کی ہیں جن کی جائیدادیں ضبط کرنے کے حکم دیا گیا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.