سری نگر،16فروری: سری نگر کے صفا کدل پل سے 21سالہ نوجوان نے مبینہ طورپر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق بدھوار شام دیر گئے صفاکدل پل پر چند مقامی افراد نے ایک نامعلوم شخص کو دریائے جہلم میں چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا اور فوری طورپر پولیس کو مطلع کیا۔
پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو باز یاب کرنے کی خاطر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
کھاگ بڈگام سے تعلق رکھنے والے ایک کنبے نے بتایا کہ گزشتہ روز اُن کا لڑکا گھر سے اچانک لاپتہ ہو گیا اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر جواں سال نوجوان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں لوگوں کو آگاہی فراہم کی۔
اُن کے مطابق بدھوار شام دیر گئے صفا کدل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے فون پر بتایا کہ لاپتہ نوجوان کو ساڑھے چار بجے پل کے نزدیک دیکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بدھ کی شا م کو ہم یہاں پر پہنچے اور لوگوں نے بتایا کہ ایک نوجوان نے پل سے چھلانگ لگائی ہے لیکن وہ کون تھا اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
اُن کے مطابق چونکہ جس شخص نے فون کیا وہ میرے بھائی کو اچھی طرح جانتا ہے لہذا جس نوجوان نے دریا میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا وہ میرا بھائی ہے۔
اہل خانہ نے مزید بتایا کہ صرف ایک کشتی ہی لاش کو باز یاب کرنے کی خاطر کام میں لگی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ صفا کدل پل پر فینسنگ نہ ہونے کے باعث آئے روز لوگ اس پل سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگیوں کا چراغ گل کر رہے ہیں۔
یو این آ ئی