سری نگر،16فروری: محکمہ فشریز نے مہا شیو یاترا تہوار کے پیش نظر جمعرات کے روز سری نگر کے مختلف علاقوں میں پنڈت برادری کے لوگوں کے لئے ٹراوٹ مچھلیوں کے سیل پوائنٹس قائم کئے ہیں ۔
بتادیں کہ کشمیری پنڈتوں کے محبوب تہوار ‘ہیرتھ’ کی چار دنوں پر محیط روایتی تقریبات ہفتے کے روز سے شروع ہوگی ۔
اس تہوار کو ہندوستان، پڑوسی ممالک بشمول پاکستان میں مقیم ہندو برادری ‘مہا شیوراتری’ کے نام سے مناتی ہے۔ ہندو مذہب کے مطابق یہ تہوار بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کی شادی کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔
محکمہ فشریز کے انسپکٹر فیاض احمد نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ مہا شیو یاترا کے پیش نظر محکمہ نے سری نگر کے مختلف علاقوں میں ٹراوٹ مچھلیوں کے سیل پوائنٹس قائم کئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ سری نگر کے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، راجباغ، حبہ کدل اور اندرا نگر میں یہ سیل پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر ٹراوٹ مچھلیاں وافر مقدار میں موجود ہیں۔
اُن کے مطابق ہیرتھ کے موقع پر کوکر ناگ اور داچھی گام سے اعلیٰ قسم کی ٹراوٹ مچھلیاں سیل مراکز پر دستیاب ہیں ۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہیرتھ کے موقع پر سری نگر میں بڑی مقدار میں ٹراوٹ مچھلیاں فروخت کی جاتی ہیں۔
انسپکٹر موصوف نے کہاکہ سنیچر تک سیل پوائنٹس پر ٹراوٹ مچھلیاں دستیاب رہیں گی ۔
دریں اثنا مہاشیوراتری کے تہوار کے سلسلے میں جموں بھر کے مندروں پر چراغاں کیا گیا ہے۔ شیو پاروتی مندر، شیو دھام اور دیگر مشہور مندروں کو پھول مالاﺅں اور رنگا رنگ روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔
کشمیر انتظامیہ نے مہاشیوراتری یا ‘ہیرتھ’ کے تہوار کے سلسلے میں پنڈت برادری والے علاقوں میں معقول انتظامات کئے ہیں۔
کشمیری پنڈت برادری کا اس مذہبی تہوار ‘مہاشیوراتری یا ہیرتھ’ کو منانے کا طریقہ بالکل مختلف ہے۔ کشمیری پنڈت برادری اس تہوار کی تقریبات کا آغاز خصوصی پوجا جوکشمیری پنڈتوں کے ہاں ‘وٹک پوجا’ کے نام سے جانی جاتی ہے، سے کرتی ہے جس کے لئے مخصوص قسم کے برتنوں اور خشک پھلوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس خصوصی پوجا کا اہتمام کشمیری پنڈت اپنے گھروں میں ہی کرتے ہیں۔
یو این آ ئی