سری نگر ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن بحال، سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کے لئے کھلی

سری نگر ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن بحال، سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کے لئے کھلی

سری نگر/ روشنی میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہفتے کو فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا۔بتادیں کہ وادی میں برف باری کے بعد روشنی میں کمی واقع ہونے کے باعث سری نگر ہوائی اڈے پر ہفتے کی صبح فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا تھا۔

ڈائریکٹر ائیر پورٹ کلدیپ سنگھ نے کہا کہ حد نگاہ بڑھ کر ایک ہزار میٹر ہونے کے ساتھ ہی ہم نے فلائٹ آپریشن بحال کیا ہے۔قبل ازیں ائیر پورٹ حکام نے بتایا تھا کہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے ہوائی اڈے پر روشنی میں کمی واقع ہوئی جس کے پیش نظر فلائٹ آپریشن کو معطل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ موسم میں بہتری واقع ہوتے ہی آپریشن کو بحال کیا جائے گا۔ادھر وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل ہفتے کو جزوی طور بحال ہوگئی۔

حکام نے بتایا کہ بارشوں کے باعث کئی جگہوں پر چٹانیں کھسک آنے کے پیش نظر قومی شاہراہ جمعرات کی شام سے مسلسل بند تھی۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر ملبے کو صاف کرنے کے بعد ہفتے کو جزوی طور پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا شاہراہ پر قریب ایک ہزار گاڑیاں درماندہ ہوئی تھیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.