سری نگر: کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے گورنمنٹ ہاؤسنگ کالونی، اوم پورہ میں ایک پلاٹ سے متعلق مبینہ اراضی فراڈ کے سلسلے میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بڈگام کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ نے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعات 420،467،468، اور 471 کے تحت درج ایف آئی آر زیر نمبر 61/2023 میں عدالت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بڈگام میں ایک چارج شیٹ داخل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ گورنمنٹ ہائوسنگ کالونی اوم پورہ بڈگام میں واقع پلاٹ نمبر1165 کے حوالے سے دھوکہ دہی، جعلسازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال کے الزامات سے متعلق ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریری شکایت موصول ہونے پر کرائم برانچ نے ایک خاتون کی جانب سے مذکورہ پلاٹ کی قانونی ملکیت کے دعوے کی بنیاد پر تفصیلی تحقیقات شروع کیں۔بیان میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اس نے یہ جائیداد اصل الاٹی سے جاری ہونے والی پاور آف اٹارنی کی درست اور مکمل قانونی کڑی کے ذریعے حاصل کی تھی جبکہ ایک دوسرا شخص اسی پلاٹ پر علاحدہ دستاویزات کی بنیاد پر ملکیت کا دعویٰ کر رہا ہے جس سے دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کا شبہ پیدا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران شکایت کنندہ، اصل الاٹی ستیش کمار اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کئے گئے اور اس کے ساتھ ہی سب رجسٹرار بڈگام اور سب رجسٹرار چہارم، سیکنڈ ایڈیشنل منصف جموں کے دفاتر سے بھی سرکاری تصدیق حاصل کی گئی جس سے یہ بات واضح طور پر ثابت ہوئی کہ سال 2010 میں مبینہ طور پر ملزم کے حق میں تیار کی گئی ناقابل تنسیخ جنرل پاور آف اتارنی سرکاری ریکارڈ میں کہیں درج نہیں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اصل الاٹی نے واضح طور پر اس طرح کی کسی دستاویز کے اجرا سے انکار کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ کبھی اس پتے پر مقیم نہیں رہا جس کا ذکر دستاویز میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ملزم غلام محی الدین ڈار ولد محمد شعبان ڈار ساکن نوگام بائی پاس سری نگر نے جعلی دستاویز کا سہارا لے کر پلاٹ کی ملکیت کا دعویٰ کیا اور اس کی بنیاد پر مزید لین دین انجام دئے نیز جموں وکشمیر ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ سے حاصل شدہ تصدیق میں شکایت کنندہ کو مذکورہ پلاٹ کی جائز اور قانونی مالک قرار دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس کے بعد کرائم برانچ نے متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ قائم کرتے ہوئے با اختیار عدالت میں کارروائی کے لئے چارج شیٹ داخل کی۔





