سری نگر،7 فروری: پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ملی ٹینٹ کا روپ دھارنے والے ایک بھتہ خور کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے کھلونا پستول اور مسروقہ سامان بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن راج پورہ کو ایک شخص کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ وہ شام قریب ساڑھے سات بجے اپنے کلینک سے گھر واپس جا رہا تھا کہ کسی نامعلوم شخص نے اس کا راستہ روکا اور اس کو ہتھیاروں سے ڈرا کر اس سے نقدی رقم اور دیگر قیمتی چیزیں چھین کر جائے موقع سے فرار ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس شکایت پر ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران کئی افراد کو پکڑا گیا جن میں سے ایک کی پیشہ ورانہ طریقے سے پوچھ تاچھ کی گئی جس نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک کھلونا پستول کا استعمال کرکے یہ جرم انجام دیا ہے۔
ملزم کی شناخت عادل احمد ڈار ولد محمد یوسف ڈار کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق ملزم کے انکشاف پر 2 کھلونا پستول، 3 ویلٹ، ایک رڈمی موبائل فون، 3330روپیے نقدی، جے کے بینک کا ایک اے ٹی ایم کارڈ، آدھار کارڈ، ایس بی آئی کا ایک اے ٹی ایم کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، الیکشن کارڈ، جیو سم کارڈ بر آمد کیا گیا۔
بیان میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ ایسے کسی بھی جال میں نہ پھنسیں اور ایسے کسی بھی واقعے کے متعلق متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔
یو این آئی