کشمیر میں شبانہ برف و باراں، گلمرگ میں زائد از ایک فٹ تازہ برف جمع

کشمیر میں شبانہ برف و باراں، گلمرگ میں زائد از ایک فٹ تازہ برف جمع
سری نگر،6 فروری : وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں دوران شب زائد از ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی جبکہ سری نگر سمیت دیگر علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں پیر کی دوپہر سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 اور8 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 9 سے11 فروری تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔
سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے اور قاضی گنڈ میں 5.6 مل میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں 1.14 فٹ، پہلگام میں 2.0 سینٹی میٹر اور کپوارہ میں 5.0 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے۔
دریں اثنا وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.