سری نگر، یکم فروری: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بانہال میں چٹانیں کھسک آنے سے بدھ کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل ایک بار پھر معطل کر دی گئی۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’جموں – سری نگر قومی شاہراہ پر بانہال اور رام پوری علاقوں میں چٹانیں کھسک آنے کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی‘۔
قبل ازیں چندر کوٹ اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر آنے سے یہ قومی شاہراہ دو روز تک مسلسل بند رہی تھی۔
ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ کو قابل آمد رفت بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کی معطلی اہلیان وادی کے لئے گوناگوں مشکلات کا باعث بن جاتی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں وادی کے بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی کمی پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔
یو این آئی