ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
23.9 C
Srinagar

قومی یوتھ فیسٹول

ہر سال پورے ملک میں 12جنوری کو قومی یوتھ فیسٹول منایا جاتاہے۔ اس دن مشہو ر علمی وروحانی شخصیت ڈاکٹر سومی ویویکانددا کا یوم پیدائش بھی ہوتا ہے ۔

اصل میں سومی جی کی طرح ہی ملک کے نوجوانوں کو روحانی اور تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی جا رہی ہے کیونکہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جب کسی ملک کی نوجوان پود صحت مند ،باشعور اور باحس ہو گی تو وہ ملک بھی ہر شعبے میں ترقی کرے گا ۔کرنا ٹکا کے شہر ہو بلی میں اس سلسلے میں ایک 5روزہ یوتھ فیسٹول منعقد ہوا ،جس کا افتتاح ملک کے وزیر اعظم نریندرا مودی نے کیا ۔

اس پانچ روزہ یوتھ فیسٹول میں ملک کے مختلف شہروں سے جوان لڑکے اور لڑکیاں شرکت کریں گی ۔

مقررین اُن کو بہتر زندگی اور ترقی یافتہ معاشرہ بنانے میں اُن کے رول کے بارے میں انہیں آگاہ کرینگے ۔

بہرحال اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ جس ملک یا معاشرے کا نوجوان ،صحت مند ،تندرست باحس ،باکردار اور اعلیٰ تعلیم وتربیت یافتہ ہو، وہ قوم یا ملک ہر حال میں مضبوطی کےساتھ آگے بڑھ جاتا ہے اور اپنی منزل آسان بنا دیتا ہے ۔

جہاں تک جموں وکشمیر کے نوجوانوں کا تعلق ہے وہ گذشتہ تین دہائیوں کے دوران جن خرافات اور منفی سوچ میں ڈوبے ہوئے ہیں وہ واقعی سماج کے ذی حس طبقے کیلئے ایک بہت بڑا سوالیہ ہے۔

کیا وجہ ہے کہ اُن کے ہوتے ہوئے بھی نوجوان پود تباہ وبربادی کی اور چلی گئی کیونکہ ہمارے بچے اپنا سب کچھ چھوڑ کر غیروں کے طرز زندگی اختیار کرنے لگے ،کشمیر وادی جس کی صدیوں سے اپنی ایک تہذیب اور تمدن ہے ،اپنی زبان ،ثقافت اور طرز زندگی ہے ،کیوں ہم وہ سب کچھ بھول گئے ۔

آج ہمارے گھروں میں ہمارے بچے اپنی مادری زبان میں بات نہیں کرتے ہیں ۔آج ہمارے نوجوان اپنے اسلاف سے بے خبر ہیں ،انہیں معلوم ہی نہیں کہ ان کی تہذیب وتمدن کیا رہی ہے، کس طرح وہ مذہبی رواداری اور آپسی بھائی چارے کی زندگی ایک دوسرے سے ملکر گذارتے تھے کیونکہ ہماری نوجوان نسل تیزی سے تبدیل ہو کر اپنا ماضی ،اپنی میراث اور اپنی شناخت وپہچان بھول رہی ہے۔رہن سہن ،پہناوا ،شکل وصورت تک تبدیل ہو رہی ہے، اس حوالے سے ہمیں گہرائی سے سوچنا چاہیے تاکہ ہماری پہچان ،شرافت،سادگی ،مذہبی رواداری ،آپسی بھائی چارہ ،امن وخوشحالی قائم رہ سکے یہی سومی ویوکانندا کا بھی مشن تھا جس کے نام پر یعنی اُن کے یوم پیدائش کے موقع پر یوتھ کا قومی دن منایا جاتاہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img