وانمباڑی قومی اردو کتاب میلہ فروغِ اردو کے سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوگا

وانمباڑی قومی اردو کتاب میلہ فروغِ اردو کے سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوگا

قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد کی پریس کانفرنس، جنوبی ہند کے شائقینِ اردو سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل

وانمباڑی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام اور وانمباڑی مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کے اشتراک سے 3جنوری تا 11 جنوری قومی اردو کتاب میلے کے انعقاد کے سلسلے میں آج یہاں پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے مقامی صحافیوں اور نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کونسل کی طرف سے ان کا استقبال کیا اور کونسل کی سکیموں کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ قومی اردو کونسل فروغ اردو اور اردو کتابوں کی اشاعت کا سب سے بڑا قومی ادارہ ہے، جس کا مقصد بلا تفریق تمام ہندوستان میں اردو کو پہنچانا اور اسے فروغ دینا ہے۔ شیخ عقیل نے کہا کہ اردو ایسی زبان ہے جس میں ہندوستان کی تمام زبانوں خصوصاً جنوبی ہند کی زبانوں کے سیکڑوں الفاظ پائے جاتے ہیں۔ اردو محبت، اتحاد اور قومی ہم آہنگی کی زبان ہے۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کی سب سے اہم سکیم کتاب میلے کی ہے ، جس کا مقصد انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی عادی نئی نسل میں کتابوں کے مطالعے کا رجحان پیدا کرنا ہے۔ کونسل ہر سال ملک کے کسی شہر میں اس میلے کا انعقاد کرتی ہے اور پچیسواں کتاب میلہ ہم نے وانمباڑی میں کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ یہ شہر علمی و ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور یہاں اردو کے شائقین بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں ۔ اردو زبان و ادب سے اس شہر کا تعلق صدیوں پرانا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ وانمباڑی اور آس پاس کے شہروں کے لوگ اس میلے میں ضرور شرکت کریں اور اپنی لائبریری کو قیمتی کتابوں سے مالامال کرنے کے لیے یہاں سے کتابیں ضرور خریدیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس میلے میں ہندوستان بھر سے پچاس سے زائد پبلشرز نہایت ہی قیمتی اور نادر و نایاب کتابوں کے ساتھ شریک ہورہے ہیں، جن کے نوے سے زائد بک سٹالز ہیں ، علم و مطالعے سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ ایک زریں موقع ہے ، میری درخواست ہے کہ وہ اس سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس میلے میں کتابوں کے علاوہ مسلسل نو دنوں تک طرح طرح کے ادبی و ثقافتی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، طلبہ کے لیے بھی خصوصی پروگراموں اور سائنسی نمایش کا اہتمام کیا جائے گا ، میری تمام اہل علم، والدین اور طلبہ سے گزارش ہے کہ ان پروگراموں سے بھی استفادہ کریں۔ اس موقعے پر انھوں نے میلے کے انعقاد میں شریک ادارہ وانمباڑی مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی علمی ، تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی ستایش کرتے ہوئے ان کے تعاون کے لیے خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے تمام صحافیوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کونسل کی سرگرمیوں اور فروغ اردو سے متعلق اس کی سکیموں کے تعلق سے صحافیوں کے مختلف سوالوں کا بھی جواب دیا۔اس موقعے پر وانمباڑی مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری جناب غنی ازہر ، سوسائٹی رکن و میلہ کنوینر جناب پٹیل یوسف اور کونسل کی جانب سے میلہ انچارج جناب اجمل سعید بھی موجود رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.