
شوکت ساحل
وادی کشمیر میں نو مبر کی دستک کیساتھ ہی سردیوں کے ایام شروع ہوتے ہیں ۔اہلیان کشمیر کو سردیوں کے ایام کے دوران طرح طرح کی مشکلات ومسائل درپیش رہتے ہیں ۔
سردیوں کے ایام کے دوران جہاں معمول کی سرگرمیاں متاثر ہونے کیساتھ ساتھ ذرائع آمدنی میں کمی آجاتی ہے ،وہیں اخراجات میں اضافہ اور عام آدمی کے جیب پر بھی اضافی بوجھ پڑ جاتا ہے اور گھریلو بجٹ تہس نہس ہوتا ہے ۔
اہلیان کشمیر ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ذہنی طور پر تیار ہوجاتے ہیں اور سردیوں کے ایام کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی بساط کے مطابق منصوبہ بندی کرتے ہیں ۔

لوگ کانگڑیوں ،کوئلہ ،لکڑی ،گیس اور گرم غذائی اجناس کی تلاش میں تگدو میں مصروف ِ عمل ہوجاتے ہیں ۔لوگ سردیوں کے ایام سے نمٹنے کے لئے اپنی طرف سے کوششیں تو کرتے ہیں ،انتظامیہ کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سردیوں کے ایام کے دوران لوگوں کو راحت پہنچا نے کے لئے اقدامات کرے ۔
وادی میںبجلی کی آنکھ مچولی کا مسئلہ صدیوں پرانا ہے ۔اکیسویں صدی میں بھی کشمیر یوں کو لالٹین ،شمع اور مشعلیں روشن کرنی پڑتی ہیں ،تب جاکر اندھیرے مٹ جاتے ہیں ۔لوگ جدید تقاضوں کے عین مطابق اندھیروں کو مٹانے کے لئے بیٹری پر چلنے والے آلات کا بھی استعمال کرتے ہیں ،تاہم ان کی روشنی کی معیاد دیڑھ سے دو گھنٹے کی ہوتی ہے ۔
وادی میں موسم سرما کے دوران بجلی کٹوتی کا شیڈول بھی جاری ہوتا ہے ،یہ الگ بات ہے کہ شیڈول کچھ اور ہوتا ہے اور بجلی کی فراہمی کچھ اور ۔

وادی میں سمارٹ ڈیجیٹل بجلی میٹر نصب کرنے کے منصوبے کو عملایا جارہا ہے ۔سمارٹ میٹر نصب کرنانظام ِ بجلی اصلاحات کے لئے بہترین قدم قرار دیا جاسکتا ہے ۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ ڈیجیٹل میٹر وادی کشمیر کے موسمی اعتبار سے مطابقت رکھتے ہیں کہ نہیں ؟کئی صارفین نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کے دوران سمارٹ یا ڈیجیٹل میٹر خراب ہوتے ہیں اسکی بنیا دی وجہ یہ ہے کہ سرما میں لوڈ زیادہ ہوتا ہے اور یہ میٹر بقول اُنکے بیرون ریاستوں کے موسمی اعتبار سے مطابقت رکھتے ہیں ۔

سرما کے دوران صارفین بجلی پر چلنے والے آلات کا بھی استعمال کرتے ہیں اور یہ اُن کا قانونی حق ہے ،کیوں کہ وہ اضافی بجلی خرچ کرنے کے لئے فیس بھی ادا کرتے ہیں ۔

لیکن اگر بجلی میٹر لوڈ سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں ،تو صارف کو اس کا خمیازہ کیوں بھگتنا پڑے؟۔ سوال جائز ہے اگر ڈیجیٹل میٹر موسمی اعتبار کیساتھ مطابقت نہیں رکھتے ہیں ،تو کیا ،کیا جائے ؟سمارٹ یا ڈیجیٹل میٹر نصب کی پالیسی کو ازسر نو ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔
موسمی اعتبار کو ملحوظ نظر رکھ پالیسی دی جائے ،تاکہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔کیوں کہ دنیا بدل رہی ہے ۔





