شوکت ساحل
دنیا میںبہت سارے ممالک ایسے ہیں، جہاں درجنوں قومیں آباد ہیں، ہر قوم اور ہر علاقے کی اپنی رسوم و رواج ہوتے ہیں جن میں ان کی دستکاریاں اور پھر ان کے رہن سہن کے انداز ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔
ان ثقافوں اور تہذیبوں کے رنگوں نے دنیا کو ”دھنک “جیسے روپ میں تبدیل کردیا۔ یہ لوک ورثہ، رسم و رواج اور دستکاریاں دیکھ کر ہر انسان میں ایک کشش پیدا ہوتی ہے۔
ان علاقوں میںبسنے والوں میں شاید اتنی کشش اور جاذبیت پیدا نہیں ہوتی کیونکہ یہ ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہوتے ہیں اوروہ ان ثقافتوں کو دیکھنے اوربرتنے کے عادی ہوتے ہیں۔
ان چیزوں کی خوبصورتی کا ان کو احساس تک نہیں ہوپاتا البتہ مغربی ممالک کے لوگوں کے لئے یہ روایات، رسم و رواج اور لوک ورثہ بڑی اہمیت اور کشش کا باعث ہوتے ہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اپنی روایات،ثقافت ، تہذیب ، لوک ورثہ اور اپنے فنون کی حفاظت کرنا ہم پر لازم ہے کیونکہ یہ روایات و ثقافت ہی قوموں کی پہچان ہوا کرتی ہے۔
ہندوستان میں بھی یہ روایات دیکھنے کو ملتی ہیں اور جموں وکشمیر اس کا مرکز ہے ۔جموں وکشمیر خاص طور پر وادی کشمیر میں بے مثال ،منفرد اور نا قابل ثانی دستکاریاں ہیں ،جنکی اپنی ایک تاریخ اور روایت ہے ۔
ماضی میں زیادہ تر دستکاریاں گھریلو خواتین انجام دیتی ہیں ،لیکن وقت کیساتھ ساتھ یہ دھندلی ہوتی گئیں ۔
گھریلو خواتین گھریلو دستکاریوں سے دور ہوتی گئیں اور یہاں کی دستکاریوں کی رونقیں بھی ماند پڑ گئیں ۔یہ درست ہے کہ کشمیر کے لوگ بہت محنتی اور جفاکش ہیں۔
اس لئے جموں و کشمیرکے زیادہ تر علاقوں میں دستکاری کا اعلیٰ اور معیاری کام نسل در نسل ہوتا چلا آرہا ہے۔
عام طور پر خواتین اپنے گھروں میں اس قسم کی دستکاریاں کرتی ہیں، جو اپنی جگہ بڑی منفرد ہیں۔حکومت نے خواتین کی با اختیاری کے لئے کئی اسکیمیں مرتب کی ہیں ۔تاہم اسکیمیں مرتب کرنے سے ہی اہداف کو حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
عصر حاضر کے مطابق کاروباری خواتین کے لئے ایک منظم پلیٹ فارم تشکیل دینے کی ضرورت ہے ۔آن لائن بازار تک رسائی کے لئے ایک جامعہ پلیٹ فارم تشکیل دینے کی ضرورت ہے ،تاکہ گھریلو دستکاریوں سے متعلق مصنوعات آسانی سے بین الاقوامی بازاروں تک رسائی ممکن ہوسکے ۔
تربیتی ورکشاپ بھی ہوتے ہیں ،تاہم اُن سے چند ہی افراد مستفید ہوتے ہیں ،ایسے میں حکومتی اسکیموں اور پروگراموں کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ،تاکہ وہ گھریلو خواتین مستفید ہو جائیں ،جو اب بھی گھریلو دستکاری کی محافظ ہیں ۔بدلتی دنیا میں سوچ کو مثبت کرنے اور تبدیلی کے آثار زمینی سطح پرمنظر عام لانے کی ضرورت ہے ۔کیوں کہ دنیا بدل رہی ہے ۔