منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
9.1 C
Srinagar

سیکھنے کا رویہ۔۔۔۔۔


شوکت ساحل

کئی دہائیوں کی تحقیق کے بعد اب اس بات پر توجہ دی جارہی ہے کہ وہ کونسے عوامل ہیں جو طالب علموں کو کلاس روم کے اندر اور باہر سیکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں طالب علموں کے لیے نئے خیالات متعارف کروائے جارہے ہیں، جن سے انہیں اپنا ہوم ورک کرنے اور امتحانات دینے کی قابلیت کے بارے میں تشویش کا سامنا کرنے اور سیکھنے کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

عموماً سیکھنے کے عمل کا مطلب رویہ میں تبدیلی کو کہا جاتا ہے۔ جس کا مظاہرہ لوگ علم، مہارت یا تعلیم سے سیکھے گئے طریقوں پرعملدرآمد سے کرتے ہیں۔

یہ دراصل علم، رویوں، مہارت، اقدار، ترجیحات اور فہم کے حصول کا نام ہے، اس سے مراد مختلف معلومات کی روشنی میں کوئی نتیجہ اخذ کرنا بھی ہو سکتا ہے۔ تجربہ کی روشنی میں اپنے رویہ کے بدلنے کے رجحان کو بھی سیکھنا کہا جا سکتا ہے۔

مطالعے سے علم میں اضافہ ہوتاہے جس سے شعور اور ذہن میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔ علم انسان کی شخصیت کو تبدیل کرنے میں سب سے اہم ہے۔

آپ کے اردگرد بہترین اہلِ علم، اسکالرز، ادیب اور قلم کار موجود ہوں گے، ان کی کتابوں کا مطالعہ کیجیے۔

کتابیں پڑھنے سے آپ کے شعور میں اضافہ ہو گا۔ کتابیں زندگی میں رہنمائی کرتی ہیں۔ کامیاب لوگوں کی سوانح عمری کا مطالعہ کریں، تحریکی لٹریچر پڑھیں، سیلف ہیلپ کی کتابیں پڑھیں، ایسے ناول پڑھیں جن سے آپ کو معاشرے اور تاریخ کی پوشیدہ باتیں معلوم ہو سکیں۔

جہاں کتابیں انسان کی بہتری میں معاون ثابت ہوتی ہیں، وہاں کچھ کتابیں انسان کے بگاڑ کا بھی سبب بن سکتی ہیں۔ اس لیے کتابوں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔

ایسی کتب کا مطالعہ کریں جن کی مدد سے آپ بہتر سے بہترین بن سکیں اور عملی زندگی میں ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اپنے علم میں اضافہ کریں۔ ذہن کو وسعت دیں۔ رویّے میں تبدیلی لائیں۔ پرانی عادات کو نئی اور متاثر کن عادات میں بدلیں اور اپنے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھاریں۔

جو مل گیا ہے اس کے لیے شکر ادا کریں، اور جو نہیں ملا، اس کے لیے فقط صبر کا مظاہرہ کریں۔ اپنے ظاہر کو امید کی شمع سے روشن کریں اور باطن میں ناامیدی اور مایوسی کے چراغ نہ جلائیں۔ مسائل، مشکلات اور پریشانیاں زندگی کا حصہ ہیں۔ ان سے نظریں چرا کر آگے بڑھنا ممکن ہی نہیں ہے۔

اس کے علاوہ بہتر سے بہترین بننے کی شدید خواہش اور سخت محنت ہی انسان کی شخصیت کو نکھارنے کا سبب بنتی ہے۔موجودہ میں سیکھنے کے عمل پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔

مرکزی حکومت نے بھی اسکل انڈیا پروگرام کو متعارف کرایا ہے ،تاکہ نوجوان نسل اپنے مستقبل کو تابناک اور محفوظ بنا سکے ۔

علم حاصل کرنے کا مقصد صرف سرکاری نوکری حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ علم سے ہی انسان آگے بڑھنے کا سفر طے کرتا ہے اور کامیابی کی منزل تک پہنچ جاتا ہے ۔

ہنر سیکھنا بھی علم حاصل کرنے کے مترادف ہے ۔اپنے آپ کو ہر گزرتے دن کیساتھ ساتھ ’اپ دیٹ ‘ کریں جیسے کہ کمپیوٹر کی ’اپ ڈیٹنگ ‘اہم قرار دی جاتی ہے ،کیوں کہ وقت تیزی سے کروٹ بدل رہا ہے اور پوری دنیا میں ایک نیا انقلاب جنم لے رہا ہے ۔

ایسے میں سیکھنے کا عمل ہی آپ کو کامیابی سے ہم آہنگ کرسکتا ہے ۔کیوں کہ دنیا بدل رہی ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img