وقت کا خاص خیال رکھا جائے

وقت کا خاص خیال رکھا جائے

شہر سرینگر کی بیشتر سڑکوں پر کام جاری ہے ۔سماٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر خاص اور لالچوک کے گرد و نواح میں سڑکوں ،فٹ پاتھو ں اور دیگر گلی کوچوں کی مرمت جاری ہے اور شہر سرینگر کا ڈرنیج سسٹم بہتر بنانے کی کوشش بھی جاری ہے ۔

اس جاری کام سے نہ صرف عبور ومرور میں مشکلات درپیش آرہی ہیں بلکہ ٹریفک نظام میں بھی خلل پڑ رہا ہے ۔یہاں یہ بات کہنا بے حد لازمی ہے کہ کوئی بھی تعمیراتی کام لوگوں کی بھلائی اور بہتری کیلئے ہوتا ہے ۔دوران تعمیر لوگوں کو ہی دقتوں کا سامنا بھی کرنا پڑ تا ہے۔

شہر میں جاری ان تعمیراتی کاموں سے وابستہ ٹھیکہ داران ،سرکاری افسران اور انتظامی ذمہ داران کی یہ اخلاقی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ وہ ان کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے د ن و رات کام کریں ۔شفٹ وائز کام کرنے سے ہی یہ ممکن ہے کہ ان کاموں کو موسم سرما سے قبل ہی پایہ تکمیل تک پہنچا یا جا سکتا ہے ،اب چونکہ سرما قریب تر ہے، اس دورا ن نہ صرف برف وباراں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے بلکہ برف کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے گِر جاتا ہے اور سب کو معلوم ہے کہ منفی درجہ حرارت میں سیمنٹ یا میکڈم کا کام ہرگز درست نہیں ہوتا ہے ۔

سردی کے ایام میں اس طرح کے کام خراب ہو سکتے ہیں، پھر سرکاری رقومات کو ضائع ہونے کا اندیشہ لاحق رہتا ہے ۔ویسے بھی وادی میں ہمیشہ سست رفتاری سے تعمیراتی کام ہو تے ہیں ۔

اب جبکہ ایل جی انتظامیہ نے شہر سرینگر کوسماٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاذب نظر بنانے کا منصوبہ ہاتھ میں لیا ہے جو کہ شہری آبادی کیلئے ایک اچھا قدم ہے لیکن ان باتوں کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے کہ مقررہ وقت کے اندر ان پروجیکٹوں کو مکمل کیا جائے تاکہ سردی کے ایا م میں لوگوں کو مشکلات ومسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، جیساکہ آج تک ہوتا آیا ہے کہ تعمیراتی کاموں کیلئے وقت ضائع کیا جاتا ہے اور عوام کو سہولیت کی بجائے مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.