بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
6.9 C
Srinagar

وقت کی رفتار ۔۔۔

تحریر:شوکت ساحل

اس حقیقت سے قطعی طور پر انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ وقت کائنات کی ایک ایسی شئے ہے ،جو اپنے مدار میں گومتا ہے اور بڑی تیزی سے نکل جاتا ہے ۔یہ کب کس شکل میں آتا ہے ،کوئی نہیں جانتا ۔

کسی کے لئے وقت اچھا اور کسی کے لئے برا ثابت ہوتا ہے ۔تاہم وقت بھی انسان کا امتحان لیتا رہتا ہے ۔

برے وقت میں ہمدردوں کا ساتھ چھوڑنا اور اچھے وقت میں قریب رہنا ،اُس کی اندرونی شخصیت کو بیان کرتا ہے ۔

یعنی جو شخص برے وقت میں آپ کا ساتھ چھوڑتا ہے ،وہ ہر غرض آپ کا ہمدرد اور سچا ساتھی نہیں ہوسکتا ۔

ویسے بھی کہتے ہیں کہ وقت کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وقت بڑی تیزی سے گزر جاتا ہے، انسان چاہے کچھ کرے یا نہ کرے لیکن وقت کا ختم ہونا بالکل یقینی بات ہے، مزید یہ کہ گزرا کَل کبھی واپس نہیں ہوگا، پھر بھی لوگ اپنے وقت کو ضائع کرتے ہیں، یعنی کاموں میں اپنا وقت کھپاتے رہتے ہیں۔

ایسے میں اپنا محاسبہ کر نے کی ضرورت ہے کہ آج وقت کس قدر تیزی سے بھاگ رہا ہے، کب ہفتہ شروع ہوتا ہے اور ختم ہوتا ہے اور آہستہ آہستہ مہینہ بھی ختم ہو جاتا ہے کچھ سمجھ میں نہیں آتا ہے، ابھی سال 2022 شروع ہوا تھا لیکن ساڑھے 8ماہ گزر چکے ہیں اب جلد2023 شروع ہونے والا ہے، ایسا کیوں ہوتا ہے؟ آج ہر شخص یہی شکایت کرتا ہے کہ وقت نہیں ملتا ہے کام پورا نہیں ہو پاتا ہے؟

ہمارا پورا وقت موبائل فون میں، فیس بک اور واٹس ایپ میں، ہوٹل میں، بازار میں، فضول بحث اور بکواس میں، لہو ولعب میں، کھیل کود میں، سیر وسیاحت میں، دل لگی میں، منشیات میں، عشق ومعاشقہ میں گزرتا ہے، پھر وقت میں برکت کہاں سے آئے، لہٰذا ہم سب کو بہت سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ ہمارا وقت جیسے جیسے گزر رہا ہے ہم موت سے اتنا ہی قریب ہوتے چلے جا رہے ہیں، اور کل قیامت کے دن اس وقت کے بارے میں ہم سے پوچھا جائے گا، اس لیے ہمیں ہر لغو اور لایعنی کاموں سے پرہیز کرنا چاہیے۔

کامیاب لوگوں کی زندگی میں وقت کی قدر و اہمیت اور اسے گزارنے کے روشن اصول ملتے ہیں۔تاریخ ساز افراد نے ہمیشہ وقت کو قیمتی سمجھا اور ایک ایک پل کی قدر کی،تب انہیں مقام و مرتبہ ملا۔جو لوگ وقت ضائع نہیں کرتے وہ ہمیشہ ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔دنیا اور آخرت میں کامیابی کی کلید وقت کی قدر اور بہترین منصوبہ بندی ہے۔

دانشوروں کا قول ہے کہ ہمارے وقت کا ایک ایک لمحہ انمول اور قیمتی سرمایہ ہے۔ وقت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک گراں قدر نعمت ہے۔

وقت جتنا قیمتی ہے اتنا ہی پگھلتی برف کی طرح آناً فاناً یوں گزر جاتا ہے۔جو لوگ وقت کا صحیح استعمال کرتے ہیں، کامیاب و کامران ہوتے ہیں۔

وقت ضائع کرنے والوں کو زمانہ پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔

کہتے ہیں وقت اور سمجھ ایک ساتھ خوش قسمت لوگوں کو ملتے ہیں۔ کیونکہ اکثر وقت پر سمجھ نہیں ہوتی اور سمجھ آنے تک وقت گزر چکا ہوتا ہے۔

لہٰذا ہمیں ہر حال میں وقت کی قدر کرنی چاہے اور وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں ۔

 

 

Popular Categories

spot_imgspot_img