بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

سکون کے چند پل۔۔۔

ملٹی پلیکس ایسو سی ایشن آف انڈیا نے قومی سنیما دن منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پورے ملک میں تقریبات کا اہتمام ہو گا ۔
فلم شائقین کیلئے طرح طرح کی فلمیں ملک کے سنیما ہالوں میں دکھائی جائیں گی ۔باریک بینی سے دیکھا جائے تو 3دہائی قبل جس طرح سنیما ہالوں میں فلم دیکھنا ایک خاص بات مانی جاتی تھی ،موجودہ دور میں سنیما ہالوں میں فلم دیکھنے کی کوئی اہمیت نہیں رہی ہے کیونکہ ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ نے جو عوامی سطح پر انقلاب برپا کیا ہے، اُس نے سنیما کی اہمیت کو ہی ختم کیا ہے ۔

چند برس قبل سرینگر کے مختلف اضلاع میں سنیما ہال دوبارہ کھولنے کا عمل شروع کیا گیا تھا جو ملی ٹنسی کے دوران بند کئے گئے تھے لیکن حقیقت یہی ہے کہ ان سنیما ہالوں میں بہت کم لوگ فلمیں دیکھنے آتے تھے ۔

نتیجہ کے طور پر یہ ہال پھر بند ہو گئے ۔ویسے بھی پرانے ایام میں جس طرح کی فلمیں نشر ہوتی تھیں، اُن میں عام انسان کیلئے، ایک نصیحت ہوتی تھی ،تعلیم وتربیت حاصل ہو رہی تھی ۔

سماجی تقاضوں کے عین مطابق ان فلموں میں بہت کم ایسے سین فلمائے جاتے تھے ،جن سے سماجی تباہی پھیلانے کا اندیشہ رہتا تھا ۔

آج کی فلموں میں بے پردگی ،بے راہروی ،لڑائی جھگڑے ،فسادات اور اسطرح کے حالات دکھائے جاتے ہیں، جن سے انسان کی روح کانپ اُٹھتی ہے ۔دل بہلائی کی بجائے د ل رنجیدہ ہوتا ہے ۔

سنیما ہال کھولنا اچھی بات ہے لیکن یہاں لوگ کیسے داخل ہونگے ،یہ اہم سوال ہے کیونکہ آج ہر انسان کے ہاتھ میں موبائیل کی صورت میں ایک سنیما ہال ہے، جب چاہے بٹن دبا کر انسان کوئی بھی فلم ،سیریل ،گیت یا پروگرام سن یادیکھ سکتا ہے ۔

ا ب جہاں تک ملٹی پلیکس ایسو سی ایشن آف انڈیا کا تعلق ہے وہ رواں ماہ کے 23تاریخ کو سنیما کا قومی دن منانے جا رہی ہے، اس سے اُن کو یہ فائدہ مل جائے گا جو انہوں نے ملٹی پلیکس کمپلیکس میں دیگر شعبہ جات ،ہوٹل ،رسٹورنٹ ،کافی شاپ ،جم وغیرہ تعمیر کئے ہیں، اُن میں لوگ آسکتے ہیں ،اسطرح اُن کی اچھی خاصی آمدنی بھی حاصل ہو جائے گی اور لوگوں کو بھی چند پل راحت وسکو ن سے گذارنے کا موقعہ مل جائے گا، جو ہر وقت پریشانیوں میں مبتلاءرہتے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img