سری نگر،14 جولائی :ناز ساز موسمی صورتحال کے پیش نظر شری امرناتھ جی یاترا کو جمعرات کے روز دونوں روٹوں پہلگام اور بالتل سے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ناساز موسمی صورتحال کے باعث پہلگام بیس کیمپ اور بالتل بیس کیمپ سے جمعرات کو یاتریوں کے کسی بھی قافلے کو پوتر گھپا کی طرف روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام اور بالتل روٹس پر ہنوز بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے یاترا کو عارضی طور روک دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمی صورتحال میں بہتری واقع ہونے کے بعد ہی یاترا کی بحالی کے متعلق کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات سری نگر سینٹر کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ بالتل اور پہلگام روٹس پر جمعرات کو رک رک کر بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم کی یہی صورت حال کل یعنی جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ16 جولائی سے موسم کی بہتری واقع ہونا شروع ہوسکتی ہے۔
موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ مونسون کے دوران موسم کی پیش گوئی کرنا قدرے مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی موسم میں اچانک تبدیلی واقع ہوجاتی ہے جس سے بارشیں ہوتی ہیں۔
انہوں نے یاتریوں نے احتیاطی اقدام پر عمل کرنے کی تاکید کہ اور انہیں موسم کے متعلق اپ ڈیٹ سے مسلسل باخبر رہنے کی تلقین کی۔
قابل ذکر ہے کہ اب تک زائد از ڈیڑھ لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
43 دنوں پر محیط یہ یاترا 11 اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
