سرینگر :لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں راج بھون میں استفادی کنندگان میں خصوصی طور پر معذور افراد کیلئے موٹرائیزڈ ٹرائی سائیکلیں تقسیم کیں ۔
پہلے مرحلے میں حکومت موٹرائیزڈ ٹرائی سائیکلوں کے 1000 یونٹس تقسیم کر رہی ہے اور رواں مالی سال کے اختتام تک 3000 اضافی یونٹ اہل مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے ۔
سماج کے پسماندہ طبقات کی خدمات کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا ہماری کوشش ہے کہ رسائی کو خصوصی طور پر معذور افراد کا حق بنایا جائے اور رکاوٹوں سے پاک ماحول اور عوامی سہولیات اور مقامات تک دوستانہ رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔
لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف اسکیموں کا مقصد سماجی ، اقتصادی طور پر پسماندہ طبقات کو بااختیار بنا کر نوجوانوں کیلئے روزی روٹی کی تخلیق اور ہنر مندی کے اقدامات اور بزرگ شہریوں کو مناسب مدد فراہم کر کے ایک جامع معاشرے کی تعمیر کے وژن کو حاصل کرنا ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دیویانگجن کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اصلاحات متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ سماجی بہبود کی اسکیموں کے فوائد کو بھی ان کے حقوق فراہم کر کے انہیں بااختیار بنایا ۔
لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ قابلِ رسائی ہندوستان مہم جیسے اقدامات نے سرکاری اور نجی عمارتوں ، ریلوے اسٹیشنوں ، ہائی اڈوں ، اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی طور پر معذور افراد کیلئے قابلِ رسائی انفراسٹرکچر کو یقینی بنایا ہے ۔
اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے خصوصی طور پر معذور افراد کیلئے باوقار زندگی گزارنے کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنے میں رضا کار تنظیموں اور ضلعی انتظامیہ کے کلیدی کردار کا بھی اعتراف کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے سماجی بہبود کے محکمے کو ہدایت دی کہ وہ مستفید ہونے والی اسکیموں کی صد فیصد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کرے اور خصوصی طور پر معذور افراد کو ان کی پائیدار روزی روٹی کیلئے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی تیار کرے ۔ لفٹینٹ گورنر نے عہدیداروں کو مزید مشورہ دیا کہ وہ فلاحی اسکیموں پر عمل آوری کے سلسلے میں استفادہ کنندگان سے رائے حاصل کرنے کیلئے ٹول فری نمبر پر مطلع کریں ۔
کمشنر سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود محترمہ شیتل نندا نے لفٹینٹ گورنر کو مختلف یو ٹی اور مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کے نفاذ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔
اس موقع پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، محکمہ سماجی بہبود کے دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔
یو ٹی بھر سے ڈپٹی کمشنرز اور مستفدین ورچول موڈ کے ذریعے شامل ہوئے ۔