جمعرات, نومبر ۱۳, ۲۰۲۵
15.6 C
Srinagar

مشیر بٹھناگر نے جے کے آر ٹی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 85 ویں میٹنگ کی صدارت ک

سرینگر :لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( جے کے آر ٹی سی ) کی 85 ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی ۔
میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ، ایم ڈی جے کے آر ٹی سی ، ڈی جی بجٹ ، ڈائریکٹر فاینانس ، پی ڈبلیو ڈی ، محکمہ محنت و روزگار کے نمائندے ، محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی ۔
میٹنگ کے دوران بورڈ نے جے کے آر ٹی سی سے متعلق مختلف امور جیسے جے کے آر ٹی سی کی مالی سال 2021-22 کے دوران کارکردگی ، مختلف محکموں کے ساتھ بقایا ادائیگی ، گاڑیوں کی خریداری ، تمام سرکاری /نیم سرکاری محکموں کی طرف سے جے کے آر ٹی سی فلیٹ کا استعمال ، تجارتی استعمال ، جے کے آر ٹی سی کے اثاثے پر تبادلہ خیال کیا ۔
بورڈ نے گذشتہ بورڈ میٹنگ کی ایکشن ٹیکن رپورٹ پر بھی غور و خوض کیا ۔
میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر جو بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے جے کے آر ٹی سی کی انتظامیہ سے کہا کہ انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ منیجمنٹ سسٹم ( آئی ٹی ایم ایس ) کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے ، اس کے علاوہ ایک موبائل ایپلیکیشن بھی جلد از جلد تیار کی جائے تا کہ شہریوں کو بہتر اور موثر خدمات فراہم کی جا سکیں ۔
کارپوریشن کی ترقی کے مختلف راستوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کارپوریشن کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جے کے آر ٹی سی بسوں پر سرکاری استفادہ کنندگان کی اسکیموں سے متعلق اشتہاری مہم چلانے کیلئے مختلف سرکاری محکموں جیسے الیکشن ، اطلاعات اور سیاحت کے محکموں کے ساتھ تعاون کرے ۔
میٹنگ کے دوران بورڈ نے کارپوریشن کی ترقی کیلئے کچھ اہم فیصلے لئے ۔ بورڈ نے فیصلہ لیا کہ سرکاری محکموں کے ذریعہ جے کے آر ٹی سی کے بیڑے کی خدمات حاصل کرنے کے حکم کو قطعی طور پر لاگو کیا جانا چاہئیے ۔
مزید براں بورڈ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ جے کے آر ٹی سی کے اثاثوں کے کرائے کی تشخیص جو کہ لیز پر دی گئی ہے ، موجودہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق کی جائے ۔ انہوں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ سڑکوں اور شاہراہوں پر خرابی کا سامنا کرنے والی گاڑیوں کی بروقت سروس کیلئے موبائل وین کے ساتھ ساتھ کرین بھی خریدی جائے ۔
اسی طرح بورڈ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ جموں و کشمیر سے باہر اراضی سمیت اثاثوں کا ماہانہ بنیادوں پر معائینہ کیا جائے تا کہ تجاوزات کو چیک کیا جا سکے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img